اسلام آباد( نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے 2014ء میں دھرنے کے دوران ہنگامہ سے متعلق پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیراعظم عمران خان کو حاضری سے مستقل استثنیٰ د یدیا ہے جبکہ کیس میں نامزد دیگر ملزمان وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، جہانگیر ترین، اعجاز چوہدری، شفقت محمود، علیم خان اور سیف اﷲ نیازی کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ہے ۔ منگل کو انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے اور وزیراعظم کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزم ایک سے زیادہ ہو تو شریک ملزمان کو حاضری سے استثنیٰ مل سکتا ہے ۔ اس موقع پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ عمران خان کو حاضری سے استثنیٰ دینے پر کوئی اعتراض نہیں، جس پر فاضل عدالت نے عمران خان کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے دیا۔ بابر اعوان نے عدالت میں پیشی کیلئے بیان حلفی جمع کروادیا اور کہا کہ کیس کی کسی بھی سٹیج پر عدالت کہے گی تو عمران خان پیش ہوجا ئینگے ۔ بعد ازاں عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ سمیت دھرنے کے دوران قائم مقدمات کی سماعت یکم اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی۔