رستم( نمائندہ92نیوز)پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ غیرجمہوری حکومت کی ناقص معاشی ، خارجہ ، داخلہ پالیسیوں کی وجہ ملک میں افراتفری پھیل چکی ہے ، حکومت ٹیکنوکریٹ چلار ہے ہیں ، گیس ، بجلی اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں آئے روز اضافے سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اس مرتبہ عوام سڑکوں پر نکل آئے تو تاریخ رقم ہوجائے گی، پارلیمنٹ میں کرسی ہتھیانے اور بچانے پر بحث ہوتی ہے ، عوامی مسائل پر کسی نے بات نہیں کی البتہ پختونوں کو تقسیم کرنے اور ان کو معاشی طور پر کمزور کرنے کے ایجنڈے پر دھواں دار تقاریر کی جاتی ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل رستم پیشکنڈو جانے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمود اچکزئی نے کہا کہ ہم کسی کا حق نہیں چھینتے لیکن کسی کو اپنا حق چھیننے بھی نہیں دیں گے ، اٹھارویں ترمیم کے تحت صو بوں کو اپنا حق دیا جائے ایسا نہ ہو کہ پختون قوم اپنے حقوق کے حصول کیلئے سڑکوں پر نکل آئے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کو خود مختار بناکر سلیکٹڈ حکومت فی الفور ختم کی جائے اور ملک میں صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد کیا جائے ۔