ڈھاکہ( سپورٹس ڈیسک)بنگلہ دیش کرکٹ بڑے بحران کا شکار ہوگئی ، کرکٹ بورڈ کی پالیسیوں کے باعث کرکٹرز کے ہڑتال پر جانے کا امکان پیدا ہوگیا ہے جب کہ آئندہ ماہ بنگال ٹائیگرز کا دورہ بھارت بھی خطر ے میں پڑتا نظر آرہا ہے ۔بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق کرکٹ بورڈ کی جانب سے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں فرنچائز ماڈل ختم کیے جانے کے بعد اب سٹار کھلاڑیوں کی آمدنی پر بھی خاطر خواہ اثر پڑا ہے جب کہ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کی تنخواہوں اور میچ فیس میں کمی کے بعد پلیئرز پریشانی کا شکار ہیں ،میڈیارپورٹس کے مطابق کھلاڑی کرکٹ بورڈ کے موجودہ سسٹم سے انتہائی ناخوش ہیں اور سینئر بنگلہ دیشی کرکٹرز نے آج ڈھاکہ میں پریس کانفرنس طلب کرلی ہے جب کہ ان کے مطالبات پر کان نہ دھرے جانے کی صورت میں آئندہ ماہ دورہ بھارت بھی متاثر ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے ۔ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ کپتان شکیب الحسن نے بھی بورڈ کی ناقص حکمت کے خلاف آواز اٹھا ئی ہے جن کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ کو کھلاڑیوں کو زیادہ اچھے طریقے سے ہینڈل کرنا چاہیئے ،ان کا مزید کہنا کہ کرکٹ بورڈ میں سابق برطانوی کپتان اینڈریو سٹراس جیسے کسی شخص کی ضروت ہے جو مضبوط فیصلے کرسکے اور کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کا بھی خیال رکھے ۔