اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، وقائع نگار ،92 نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں) پاکستان نے سعودی عرب کو سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے جبکہ باہمی رابطوں کے فروغ کیلئے پاک سعودی سپریم کوآرڈ ی نیشن کونسل کے قیام بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔منگل کو سعودی وزیر خارجہ پرنس فیصل بن فرحان السعود کے دورہ پاکستان کے دوران وزارت خارجہ میں ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر توجہ دی جائے گی، دونوں ممالک کی وزارت خارجہ میں فوکل پرسنز کا تعین کیا جائے گا،میڈیا اور انفارمیشن،ماحولیاتی و موسمیاتی شعبے میں تعاون بڑھارہے ، ثقافتی شعبے میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں،افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی بات ہوئی ،ہماری افغانستان کے حوالے سے سوچ ایک ہے ، سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کے معاملے پر بھی بات ہو ئی ، سعودی عرب کو سپیشل اکُنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے ،پاکستانی افرادی قوت سعودی عرب بھیجنے پر بھی بات ہوئی۔ پاکستان میں موثر حکومتی حکمت عملی کے باعث کورونا کی صورتحال خطے کے دیگر ممالک کی نسبت بہت بہتر ہے ۔ امید ہے سعودی عرب پاکستانیوں کیلئے ویزا پابندیوں پر نظرثانی کرے گا۔باہمی رابطوں کے فروغ کیلئے پاک سعودی سپریم کوآرڈ ی نیشن کونسل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا اور اس کے ڈھانچے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہایہ میرا پاکستان کا دوسرا دورہ ہے ،پرتپاک استقبال کرنے پر مشکور ہوں،ہمارے تعلقات بہت مضبوط اور گہرے ہیں،اپنے تعلقات کو روایتی شعبوں سے آگے بڑھائیں گے ،ہم نے ٹیکنیکل گروپس بنائے ہیں جن میں بات چیت جاری ہے ،دونوں ممالک کے درمیان ملکر کام کرنے کے بہت شعبے ہیں ،پاکستان نے کوروناوبا کے دوران اہم کام کیا ہے ،سعودی عرب میں17 لاکھ پاکستانیوں کو ویکسین لگائی گئی ،سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی وہاں کی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ،کشمیر ،فلسطین سمیت تمام مسائل پر بات ہوئی۔تنازعات مذاکرات کے ذریے حل کرنے پر زور دیتے ہیں۔ مشترکہ پریس بریفنگ سے قبل وزارتِ خارجہ میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ، سعودی وفد کی قیادت سعودی وزیر خارجہ شہزادہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئے ۔فریقین نے دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے اعلیٰ سطح کے روابط کے تسلسل پر اتفاق کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان سعودی عرب کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے ۔ہم سعودی عرب کی خوشحالی اور تعمیر و ترقی کو اپنی ترقی سے تعبیر کرتے ہیں۔ کشمیر پر سعودی موقف اور حمایت قابل ستائش ہے ۔جنوبی ایشیا سمیت دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی توقعات سعودی قیادت سے وابستہ کیے ہوئے ہیں۔ مذاکرات کے دوران افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، عالمی برادری افغان قیادت پر زور دے کہ وہ جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کا پر امن سیاسی حل نکالیں ۔سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے بھی الگ الگ ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ امور، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کیلئے باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے ،تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں وسیع امکانات کو سمجھنے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا،وزیر اعظم نے کورونا کے باعث پاکستانیوں کو سفر کے دوران درپیش مسائل کو بھی اٹھایا،وزیراعظم نے کورونا پابندیوں کے باعث پھنس جانیوالے شہریوں کی جلدسعودی عرب واپسی پرزوردیا۔وزیراعظم نے سعودی عرب میں موجود پاکستانی شہریوں کی ویکسی نیشن پر سعودی حکومت کا شکریہ اداکیا۔اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران افغانستان کی موجودہ صورتحال اورامن عمل پر بھی گفتگو کی گئی۔وزیراعظم نے افغان مسئلے کے سیاسی حل پر زور دیا اورکہاافغان تنازع کے حل کیلئے تمام فریقین تعمیری کرداراداکریں،افغان تنازع کاحل خطے میں امن و سالمیت کیلئے ضروری ہے ۔سعودی وزیرخارجہ نے سٹریٹجک تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا پاکستان کیساتھ تعلقات مضبوط اور اخوت پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزیدمضبوط ہونگے ، سعودی عرب بطوراو آئی آئی کشمیررابطہ گروپ رکن مسئلہ کشمیرپر حمایت جاری رکھے گا۔ صدر عارف علوی نے کہا پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ،پاکستان برادر ملک کیساتھ معاشی اور تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے ۔صدر مملکت نے مقبوضہ کشمیرمیں معصوم مسلمانوں پربھارتی ظلم و ستم پر روشنی ڈالی اور کہا بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بندکرائے ،بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو خود ارادیت دے ۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا سعودی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے ۔دونوں ممالک کے مابین حقیقی برادرانہ تعلقات ہیں،سعودی عرب دوطرفہ تعاون کی موجودہ سطح کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے ۔دریں اثناء پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعودنے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کیساتھ وزارت خارجہ کے سبزہ زار میں یادگاری پودا لگایا ۔قبل ازیں سعودی وز یرخارجہ فیصل بن فرحان اسلام آباد پہنچے تو نور خان ایئر بیس پر وزیرِ اعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے ان کا استقبال کیا۔وزارتِ خارجہ کے حکام اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔نور خان ایئر بیس کے لائونج میں حافظ طاہر محمود اشرفی اور پرنس فیصل بن فرحان کے درمیان غیر رسمی ملاقات بھی ہوئی۔