کراچی (کامرس رپورٹر) پانچویں پاکستان ایڈیبل آئل کانفرنس کل ہوگی،جس میں خوردنی تیل انڈسٹری سے وابستہ افراد سمیت حکومتی شخصیات اورمختلف ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے ،مقامی ہوٹل میں منعقدہ کانفرنس کااہتمام پاکستان وناسپتی مینو فیکچرزایسوسی ایشن اورپاکستان ایڈیبل آئل ریفائنریزایسوسی ایشن کی جانب سے کیا جارہا ہے جس میں ملائیشیا پام آئل کونسل،ملائیشیا پام آئل بورڈ،انڈونیشین پلانٹیشن اینڈریفائنریزایسوسی ایشن کا تعاون شامل ہے ،کانفرنس میں ملائیشیا کی وزیربرائے پرائمری انڈسٹریزمیڈم ٹیریسا بطورمہمان مکرم شرکت اوراظہارخیال کریں گی جبکہ وزیراعظم کے مشیربرائے صنعت وپیدوارعبدالرزاق داؤد بطورمہمان خصوصی کانفرنس کاافتتاح کریں گے ،کانفرنس میں افتتاحی خطاب پاکستان ایڈیبل آئل کونسل کے سی ای او رشید جان محمد کا ہوگا جبکہ پاکستان وناسپتی مینو فیکچرزایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ عاطف اکرام خطبہ استقبالیہ دیں گے اورمعروف مقررین موضوع پرمقالے پیش کریں گے ،کانفرنس میں ملائیشیا اورانڈونیشیا کی کمپنیوں اور متعلقہ ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی شریک ہوں گے ،انتظامیہ کے مطابق پاکستان دنیا کا تیسرا بڑاخوردنی تیل درآمد کرنیوالا ملک ہے ،پاکستان میں سالانہ ایڈیبل آئل کی کھپت 4.50 ملین ٹن ہے ،فی کس سالانہ 20 کلو ایڈیبل کا استعمال ہوتا ہے ،بندرگاہ کے ذریعے خوردنی تیل کی ہینڈلنگ بھی خطے میں سب سے بہترہے ،پاکستان کاخوردنی تیل کی درآمد پرانحصاربہت زیادہ ہے جبکہ مقامی طورپرخوردنی تیل کے بیجوں کی پیدوارپرتوجہ کم ہے ،پاکستان نے ملائیشا اورانڈونیشیاسے ترجیحی تجارتی معاہدے بھی کئے ہیں،کانفرنس میں ایڈیبل آئل کے حوالے سے تمام ایشوزکوزیربحث لایا جائیگا،منتظمین کے مطابق کانفرنس سے ایڈیبل آئل انڈسٹری پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے اورنئی جہتیں سامنے آئیں گی،کانفرنس کے اختتام پرایوارڈ تقسیم کئے جائیں گے جبکہ میوزیکل شو بھی ہوگا۔دریں اثنا آج کانفرنس میں شرکت کرنیوالے وفود کیلئے خیرمقدمی تقریب کا انعقاد ہوگا جس میں معروف فنکارشیما کرمانی اورعظمیٰ نوراپنے فن کا مظاہرہ کریں گی،چیئرمین صوفی گروپ تنویراحمد صوفی خطبہ استبالیہ دیں گے ۔