اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی رو سے 3 دریاؤں کے پانی پر پاکستان کا خاص حق ہے ، پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کو اشتعال انگیزی کے مترادف سمجھا جا ئیگا، مودی حکومت کی سخت گیر اور نفرت انگیز پالیسیاں جنوبی ایشیااور پوری دنیا کے امن کیلئے واضح طور پر ایک خطرہ ہیں۔ منگل کو یہاں وزارت خارجہ میں سندھ طاس معاہدے کے حوالہ سے اہم اجلاس کے بعد وزیر خارجہ نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ پانی روکنے کی کسی بھی بھارتی کوشش کا معقول جواب دینے میں پاکستان حق بجانب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی حکومت کی طرف سے اس طرح کے بیانات سے دنیا کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں، مودی حکومت کی سخت گیر اور نفرت انگیز پالیسیاں جنوبی ایشیا اور پوری دنیا کے امن کیلئے واضح طور پر ایک خطرہ ہیں۔