لاہور،اسلام آباد،کراچی(کامرس رپورٹر، وقائع نگار،صباح نیوز) ایرانی سرحد بند ہونے سے ملک بھرمیں ایل پی جی کی فی کلوقیمت میں 50 روپے تک اضافہ ہوگیا جس کے بعد فی کلوقیمت 200 روپے سے تجاوز کر گئی جبکہ گھریلو سلنڈر 500، کمرشل سلنڈر 2 ہزارروپے تک مہنگا ہوگیا۔ ایران سے یومیہ 1ہزارمیٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کی جا رہی تھی، سرحد کی بندش سے درجنوں ایل پی جی کنٹینرزپاک ایران سرحد پرپھنس گئے ہیں۔ سرحد بندش سے پاکستان میں ایل پی جی بحران شدت اختیارکرنے کا خدشہ ہے ۔ پاکستان میں ایل پی جی سیکٹرکیلئے کوئی طویل المدتی پالیسی موجود نہیں ۔چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمت میں 50 سے 70 روپے فی کلو اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد قیمت 180 سے 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ۔ایل پی جی کی قلت کے باعث بعض دکانداروں نے من مانی کرنا شروع کر دی ہے ۔ تاجروں کی طرف سے گراں فروشی کی جا رہی ہے ۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرزایسوسی ایشن نے حکومت سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بحران سے بچنے کیلئے متبادل آپشن پرغور کرے ۔