کوئٹہ(این این آئی) پاک ایران بین الاقوامی سرحد پرگبد ریمدان کے مقام پرکراسنگ پوائنٹ کا افتتاح کردیا گیا ۔ پاک ایران بین الاقوامی بارڈرکراسنگ پوائنٹ کا افتتاح گزشتہ روز گبد ریمدان میں کیا گیا ۔ تقریب میں وزیردفاعی پیداوار پاکستان زبیدہ جلال اور ایران کے وزیر محمد اسلمی،گورنرجنرل سیستان بلوچستان ،ایران میں پاکستان کے سفیراحمد علی محباتی ،رحیم حیات قریشی سمیت دیگرنے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرزبیدہ جلال نے کہا کہ میرجویہ تفتان کے بعد پاکستان اورایران کے مابین گبد رمدان بارڈرکراسنگ پوائنٹ دوسری بین الاقوامی سرحد ہوگی، بارڈرکراسنگ ملحقہ علاقوں کے لوگوں کی فلاح و بہبود اورخوشحالی کے لئے معاون ثابت ہوگی ۔ اس سے لوگوں کی نقل و حرکت اور دوطرفہ تجارت اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے کی سہولتیں ملیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی رابطے بہترہورہے ہیں جبکہ مستقبل میں امید ہے کہ اضافی کراسنگ پوائنٹس کھولے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک ایران سرحد پر باڑ لگانے کی وجہ سے امن و امان کی بہترصورتحال کے ساتھ ساتھ دونوں ریاستوں کے مابین مختلف علاقوں میں وسیع ترتعاون کو بھی یقینی بنایا جائے گا،دونوں فریقین نے سرحدی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے بارڈرمارکیٹ کھولنے کے امکان پربھی تبادلہ خیال کیا۔