اسلام آباد (وقائع نگا رخصوصی)پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفورنے کہا ہے کہ ڈان اخبار میں پاک ایران بارڈر پر مشترکہ پٹرولنگ کے حوالے سے چھپنے والی خبر بے بنیاد اور غلط ہے ، ایسی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا پاک ایران سرحد پر دونوں ممالک کی فورسز کی جانب سے کسی قسم کی مشترکہ پٹرولنگ نہیں ہو رہی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مشترکہ آپریشنز کی ضرورت ہوئی تو دونوں فورسز اپنے اپنے علاقوں میں پٹرولنگ اور آپریشنز خود کریں گی۔علاوہ ازیں ڈان اخبار کے ایڈیٹر ظفر عباس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی کی وجہ سے کنفیوژن پیدا ہوئی، تصویر کے کیپشن میں ’’جوائنٹ پٹرولنگ‘‘ لکھا ہوا تھا اور ریڈیو پاکستان نے اپنے ٹویٹ میں بھی یہی لکھا۔انہوں نے کہا ہم ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کی روشنی میں اپنی تصحیح کریں گے ۔