کراچی (سٹاف رپورٹر)پاکستان بحریہ کے سپیشل سروس گروپ اور رائل بحرین ڈیفنس فورس کی سپیشل آپریشن فورس کی مشترکہ مشق شاہین الجزیرہ 2019 میں مہارتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا، مشق کا کراچی میں اختتام ہوا۔ پاک بحریہ اور رائل بحرین ڈیفنس فورس کے مابین مشترکہ مشق شاہین الجزیرہ ہر سال منعقد کی جاتی ہے ، مسلسل دس روز تک جاری رہنے والی حالیہ مشق اسی سلسلے کی تیرہویں بحری مشق تھی۔ مشق کے اہم مقاصد میں مضبوط عسکری تعلقات، سپیشل آپریشن فورسز کے مابین روابط اور مشترکہ آپریشنز کی تیاری میں بہتری اور پیشہ ورانہ مہارت کا تبادلہ شامل تھا۔ دونوں افواج کے اہلکاروں نے مشق کے دوران میری ٹائم انٹر ڈکشن آپریشنز، سیل ٹیمز انسرشنز تیکنیک اور فراگ مین آپریشنز کے انعقاد سے بھر پور استفادہ کیا۔ بحیرہ عرب میں مشتر کہ بورڈنگ آپریشن کے شاندار مظاہرے سے مشق کا آغاز ہوا جس میں پاک بحریہ کے بحری جہازوں، سی کنگ ہیلی کاپٹرز، سپیشل فورسز بوٹس اور پاک بحریہ اور رائل بحرین ڈیفنس فورس کی ایس او ایف ٹیموں نے حصہ لیا۔ مشق کا اختتامی ایونٹ بحیرہ عرب میں منعقد ہوا جس کا مشاہدہ پاک بحریہ کے جہاز پر موجود بحرین کی نیول اسپیشل فورس کے کمانڈر نے کیا جنہوں نے مشق کے کامیاب اور پیشہ ورانہ انعقاد کو سراہا۔ یہ بحری مشق پاک بحریہ اور رائل بحرین ڈیفنس فورس کے درمیان مضبوط دوطرفہ عسکری تعاون کی عکاس ہے ۔ مشترکہ مشق کے دوران حاصل کیا گیا پیشہ ورانہ تجربہ باہمی طور پر سود مند رہا اور یہ دو برادرانہ ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون میں فروغ کا باعث بنے گا۔