کراچی(سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے عالمی سمندروں میں تعیناتی کے تحت کویت کی بندرگاہ میناالشویخ کا دورہ کیا۔ پی این ایس سیف ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے سلسلے میں خلیج عدن، شمالی بحیرہ عرب اور خلیج عمان میں تعینات ہے اور خطے میں بحری سکیورٹی برقرار رکھنے کی بین الاقوامی کوششوں میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔بندرگاہ آمد پر کویتی بحریہ کے جہاز، کویت میں پاکستان کے سفیر سید سجاد حیدر اور کویتی بحریہ کے افسران نے پی این ایس سیف کا استقبال کیا۔جہاز کے بندرگاہ پر قیام کے دوران کمانڈنگ آفیسر نے میزبان ملک کے سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ تعلقات بالخصوص بحری افواج کے مابین تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ دورے کے آخر میں پاک بحریہ اور کویتی بحریہ نے مشق میں حصہ لیا۔ پاک بحریہ بحرہند میں علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے کیلئے ہمیشہ سے پر عزم ہے ۔ پاک بحریہ کے جہازوں کی مستقل تعیناتی اور دوطرفہ مشقوں میں شرکت سمندروں میں استحکام اور قانون کی عملداری قائم رکھنے کے پاک بحریہ کے عزم کا عملی ثبوت ہیں۔ پاک بحریہ کے جہاز کا کویت کا یہ دورہ دو طرفہ تعلقات اور دونوں بحری افواج کے مابین باہمی آپریشنز کی صلاحیت کو بہتر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔