ویسے تو جموں و کشمیر کو تقسیم کرنے والی خونی لکیر یعنی لائن آف کنٹرول پر تو 2008کے بعد ہی سے توپوں اور مارٹرز کی گھن گرج جاری تھی، مگر 2019میں پلوامہ حملہ اور بالا کوٹ پر فضائی حملوں کے بعد اس میں خاصی شدت آگئی تھی۔ اب 25فروری کو جس طرح اچانک بھارت اور پاکستان کے ڈائرکٹر جنرل ملٹری آپریشنز لیفٹنٹ جنرل پرم جیت سنگھ سانگھا اور میجر جنرل نعمان زکریا نے بندوقوں کی خاموشی کا اعلان کردیا، یہ قدم خوش آئند، مگر حیران کن اور خدشات سے پر ہے۔ اس سے قبل بھارت اور چین نے بھی لداخ خطے کی پنگانگ جھیل سے فوجیوں کا انخلا کرکے چھ ماہ سے جاری کشیدگی کو لگام دی۔ لائن آف کنٹرول کی خاموشی سے درہ حاجی پیر سے اکھنور تک کے علاقہ میں رہنے والی ایک بڑی آبادی نے راحت کی سانس لی ہے، کیونکہ اس علاقہ میں موسم سرما تقریباً ختم ہونے کے قریب ہے اور کھیتوں میں بوائی کا موسم شروع ہونیوالا ہے۔ پچھلے دو سالوں سے شدید گولہ باری کی وجہ سے بیشتر کسانوں نے یاتو نقل مکانی کی تھی یا بینکروں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے تھے۔ یہ علاقے اکھنور، بشنہ، سانبہ، ہیرا نگراور کھٹوعہ باسمتی چاول کی کاشت کیلئے مشہور ہیں۔ فائر بندی Conflict Management یعنی تنازعہ کو کنٹرول یا منیج کرنے کی حد تک کارگر ہوتے ہیں، مگر اگر اس کو Conflict Resolution یعنی تنازعہ کو حل کرنے کیلئے استعمال نہیں کیا گیا، تو تجربات بتاتے ہیں کہ یہ دیرپا ثابت نہیں ہوتے ہیں۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ جب بھی نئی دہلی کے حکمرانوں پر عالمی دباوٗ بن جاتا ہے تو وہ کسی ایسے قدم کا اعلان کرکے خوشنما باغ دکھاتے ہیں، جو بعد میں سراب ثابت ہوتا ہے۔ پاکستانی اور کشمیری راہنما ء کئی بار اس سراب کے شکار ہو چکے ہیںاور گھڑی کی سوئیوں کی طرح واپس اسی مقام تک پہنچے ہیں، جہاں سے سفر شروع کیا تھا۔ ملٹری افسران کی طرف سے سیز فائر کے اعلان سے صرف ایک روز قبل بھارتی فوج کے سربراہ جنرل ایم ایم ناراوانے نے دہلی میں ایک سیمینار کے دوران اعتماد کا اظہار کیا تھا ’’کہ پاکستان کے ساتھ مسلسل رابط سے ہی کسی افہام و تفہیم تک پہنچا جا سکتا ہے۔ کیونکہ غیر متعین سرحدوں کا ہونا کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اپنی سرحدوں پر امن و سکون چاہتا ہے، چاہے و ہ مغربی سرحد ہو یا جنوبی سرحدیں ہوں یا میانمار سے لگی سرحد ہو۔ ان کے اس بیان سے ان افواہوں اور تجزیوں کو تقویت ملتی ہے کہ یہ فائر بندی کوئی اچانک ٖفیصلہ نہیں تھا، بلکہ اس کیلئے اچھا خاصا ہوم ورک کیا گیا تھا۔ورنہ تو دونوں ملکوں کے یہ فوجی افسران ہر ہفتے منگل کی دوپہر کو ہاٹ لائن پر بات کرتے ہیں۔ ایک ما ہ قبل پاکستان فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجواہ نے بھی کہا تھاکہ وقت آگیا ہے کہ سبھی اطراف امن کے ہاتھ آگے بڑھائیں جائیں۔ اسی کے ساتھ کورونا وائرس سے نپٹنے کیلئے سارک کے پلیٹ فارم پر ہوئی آن لائن میٹنگ میں پاکستانی مندوب نے بھی شرکت کی، جس کو وزیر اعظم نریندر مودی نے خطاب کیا۔ سکھوں کیلئے کرتار پور راہداری کھولنے کے علاوہ بھی پاکستانی فوج کے سربراہ کئی سالوں سے اس طرح کے پیغامات دے رہے تھے، مگر نئی دہلی میں حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے تھے۔بلکہ پلوامہ اور بالا کوٹ کے بعد ایک قدم اور آگے جاکر انہوں نے بنیادی تنازعہ جموں و کشمیر ریاست کو ہی دولخت کرکے اسکی نہ صرف خصوصی آئینی پوزیشن کالعدم کر دی بلکہ کشمیری عوام کی زبان و کلچر کو ختم کرنے اور ان کی آبادیاتی اکثیریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے سامان بھی مہیا کرائے جا رہے ہیں۔ سوال ہے کہ پچھلے دو سالوں سے جنرل باجوہ کے سبھی بیانات کو نظر انداز کرکے ، اب اسوقت ان کی امن سعی کا جواب کیوں دیا گیا؟ کئی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ 2016کے اوڑی اور بعد میں 2019کے پلوامہ حملوں کے بعد جس طرح بھار ت نے دنیا بھر میں پاکستان کو الگ تھلگ کرنے کی کوشش کی وہ ناکام ہو گئی ہے ۔ 2016میں پاکستان میں جنوبی ایشیاء یعنی سارک سربراہان مملکت کی ہونے والی میٹنگ کا نہ صرف بھارت نے بائیکاٹ کیا، بلکہ بنگلہ دیش، افغانستان، بھوٹان، سری لنکا اور مالدیپ کو بھی تنبیہ کی کہ وہ اس کانفرنس میں شرکت کیلئے یا پاکستان کے ساتھ یک جہتی دکھانے کے نام پر اسلام آباد نہ جائیں۔ پاکستان کو الگ تھلگ کرنے کیلئے سارک کے اندر کئی ذیلی گروپ بنائے گئے۔ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے سری لنکا کے حالیہ دورہ نے بھارت کی اس پالیسی کی ہوا نکال کر رکھ دی۔ بین الاقوامی مالیاتی ادارہ ایف اے ٹی ایف میں بھارت کی ایما پر گو کہ پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھا گیا ہے، مگر بسیار کوشش کے باوجود اسکو بلیک لسٹ میں دھکیلنے میں ناکام رہا۔ ابتدا میں جب بھارت نے پورا زور لگایا تھا، چونکہ ترکی اور ملائیشیا پاکستان کی مدد کو آئے تھے، بھارت نے ان کو بھی اس کیلئے معاف نہیں کیا۔ دو سال قبل ایک اہم شخصیت نے مجھے دہلی میں کہا تھا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کو وہ اس کیلئے معاف نہیں کرینگے۔ اسکے علاوہ چین کے ساتھ چپقلش کے بعد بھارت میں یہ ادراک ہو گیا ہے کہ وہ دو فرنٹ جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔ دوسری طرف اگست 2019کو جموں و کشمیر میں کئے گئے بھارتی اقدامات کے خلاف پاکستان نے عالمی برادری سے جس طرح کی حمایت کی امید کی تھی، وہ پوری نہیں ہوسکی۔ ان اقدامات کے بعد پاکستان نے دنیا بھر میں سفارتی سرگرمیوں کے ذریعے اور بھارتی سفیر کو اسلام آباد سے نکلنے کا حکم دیکراور دہلی سے اپنے سفیر کو واپس بلا کر سخت پیغام دیکر بھارت پر دباوٗ بنانے کی کوشش کی۔ مگر عالمی برادری دونوں ایٹمی ملکوں کے درمیان باضابط جنگ سے خائف تو ہے، مگر تنازعہ کو سلجھانے کے بجائے جوں کی توں پوزیشن پر ہی گذارہ کرنے کیلئے دونوں ملکوں کو آمادہ کروانے پر تلی ہوئی ہے۔ اس دوران بھارت نے جو بریفنگ عالمی برادری کو یا دہلی میں مقیم سفیروں کو دی اس میںاس موقف کا اعادہ کیا گیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو گراس روٹ ڈیموکریسی اور ترقی کے ماڈل کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے اور اس میں پاکستان ایک رکاوٹ ہے۔ وہ ان ممالک کو ان خطرات سے بھی آگاہ کروانے میں کامیاب ہوگیا کہ کشمیر کو اگر کنٹرول نہیں کیا گیا تو وہاں عالمی دہشت گرد تنظیمیں اڈہ بنا کر اسکو شام، یمن اور افغانستان کی راہ پر ڈال دیں گی۔ (جاری ہے)