برسلز (این این آئی، صباح نیوز)یورپی پارلیمنٹ کے ارکان نے مطالبہ کیا ہے کہ یورپی یونین پاکستان اور بھارت کے تعلقات کی بحالی کیلئے نئے سرے سے کوشش کرے ، اراکین نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر اور اقوام متحدہ کے دیگر اداروں کی جانب سے پیش کردہ مختلف رپورٹس کی روشنی میں بھارت میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار بھی کیا۔خارجہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتوں اور خواتین کے حقوق خطرے میں ہیں، کشمیر کی صورتحال پر بھی نظر ہے ۔یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی نے کہا کہ بھارت اور پاکستان خطے میں استحکام رکھیں، یورپ بھارت تعلقات کی رپورٹ یورپی پارلیمنٹ کی جنرل اسمبلی میں ووٹ کے لیے پیش کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار خارجہ امور کی کمیٹی میں ای یو انڈیا تعلقات پر پیش کی جانے والی ایک رپورٹ کی قبولیت کے موقع پر کیا گیا ، جس کے حق میں 61 ووٹ آئے ۔ 6 ممبران نے مخالفت کی جبکہ 4 ممبران نے ووٹ دینے کا حق استعمال نہیں کیا، ممبران یورپین پارلیمنٹ نے اس حوالے سے یورپین یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان بین الاقوامی قانون کے اصولوں پر مبنی اچھے ہمسایہ تعلقات کی بحالی کیلئے اپنی کوششوں کی تجدید کرے ۔ممبران نے نوٹ کیا ایف سی آر اے وہ قانون ہے جس کے بارے میں اقوام متحدہ کے تین خصوصی نمائندوں نے بھارت کو ترمیم کرنے کے لیے کہا ہے ۔