لاہور (92نیوزروپورٹ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے نئے چیئرمین گریگ بارکلے نے تسلسل کے ساتھ پاکستان اور بھارت کے باہمی مقابلوں کی حمایت کر دی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عالمی ایونٹس کا سلسلہ اور معیار برقراررکھنے کے حق میں ہوں لیکن ممبرملکوں کے درمیان باہمی سیریز کی اہمیت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، پاکستان اوربھارت کی ٹیموں کو بھی آپس میں تسلسل کے ساتھ کھیلتا دیکھنا چاہتا ہوں لیکن اس ضمن میں کوئی کردار ادا کرنا میری صوابدید نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اس میں سیاسی اور زمینی حقائق کار فرما ہیں،ورچوئیل پریس کانفرنس میں آئی سی سی کے بھارت کے ساتھ تعلقات سرد گرم رہنے کے ورچوئیل پریس کانفرنس میں ایک سوال پر بارکلے نے کہا کہ ہر کوئی ایک بڑے رکن کے طور پر بھارت کی اہمیت سے آگاہ ہے ، ہم اس کو دیگر ممبرز کی طرح ہی سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ افتتاحی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اب تک اس کا مقصد حاصل نہیں کرسکی جس نے چیمپئن شپ کے مستقبل پر شکوک و شبہات پیدا کردیئے ۔ بارکلے نے مزید کہا کہ کوویڈ 19 وبائی مرض کے مقابلے میں ہم نے صرف اپنی کوتاہیوں کو اجاگر کیا ہے اور وہ اس بات کا یقین بھی نہیں کہ اگر موجودہ ماحول برقرار رہا تو چیمپئن شپ کا انعقاد کامیابی سے ہوگا۔