اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی، دوستانہ اور گہرے تعلقات ہیں، دونوں ممالک نے تعلقات کو پائیدار شراکت داری میں تبدیل کیا ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف سے کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبداﷲ الغفیلی نے ملاقات کی، اس دوران باہمی دلچسپی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغانستان کی صورتحال، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال، افواج میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سمندری امور بھی زیر غور آئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی کمانڈر نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، سعودی کمانڈر نے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کااعادہ کیا ، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ کے عزم کااعادہ بھی کیا گیا۔ دریں اثنا سعودی امیر البحر نے چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا سے بھی ملاقات کی، افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باہمی فوجی اور دیگرشعبہ جات میں تعاون بڑھانے پر بھی بات کی گئی۔ جنرل ندیم رضا نے کہا پاکستان سعودی عرب تعاون کے خطہ کے امن پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ کمانڈر سعودی نیول فورسز نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ بھی کیا اور ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی میری ٹائم سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سربراہ پاک بحریہ نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مضبوط مذہبی، ثقافتی اور دفاعی روابط قائم ہیں۔ فہد الغفیلی کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعد ازاں سعودی نیول کمانڈر ایڈمرل فہد نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق دونوں معززین کی ملاقات میں پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور اور باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیاگیا، ایڈمرل فہد نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔