اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں 2روزہ فارمیشن کمانڈرزکانفرنس جی ایچ کیو میں ہوئی، آئی ایس پی آر کے مطابق 78 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں کورکمانڈرز،پرنسپل سٹاف افسران اور فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی، کانفرنس کے شرکاکوملکی سکیورٹی صورتحال ،قومی سلامتی کودرپیش چیلنجز اور خطے کی موجودہ صورتحال پربریفنگ دی گئی۔ شرکاکو چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی سے متعلق بھی آگاہ کیاگیا ۔کانفرنس کے شرکا نے پیشہ ورانہ امورپرتفصیلی غور کیا۔ آرمی چیف نے ملک میں جاری استحکام آپریشن اور آپریشن رد الفساد میں کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوئد باجوہ نے کہا کہ پاک فوج ہر قیمت پر قوم کی خدمت اور وطن کا دفاع کرتی رہے گی ،آرمی چیف نے مشرقی اور مغربی سرحدوں اور ایل او سی پر تیاریاں جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔فورم کو دنیا میں فوج کے زیر استعمال جدید ٹیکنالوجیز کے علاوہ ابھرتے ہوئے آپریشنل لاجسٹکس انفراسٹرکچر کورسپانڈنگ کی اپ گریڈیشن سے متعلق بھی بریف کیا گیا، فورم نے بہادر قوم بالخصوص قبائلی عوام کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔اجلاس میں خیبرپختونخوا کے نئے ضم ہونے والے اضلاع کی ترقی اور منتقلی کے حوالے سے پیشرفت کا بھی جائزہ لیا،بلوچستان میں سماجی واقتصادی ترقی پر بھی بات چیت کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے کشمیریوں کی جدوجہدحق خود ارادیت پرمکمل یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حق خود ارادیت ملناچاہیے ۔ اجلاس کو افغان امن عمل کیلئے پاکستان کی جانب سے بامعنی معاونت کے ساتھ ساتھ سرحد پر سیکورٹی کو بڑھانے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔آرمی چیف نے اس موقع پر جیوسٹرٹیجک ماحول کے تناظر میں ایل او سی، ورکنگ باؤنڈری اور پاک افغان بین الاقوامی سرحد پر اعلیٰ معیار کی آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ آرمی چیف نے مختلف مشقوں کے دوران فارمیشنز کی جانب سے تربیت کے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تربیتی ایونٹس اور مقابلوں میں شریک افسران و جوانوں کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا وبا،ٹڈی دل سے نمٹنے اورپولیو کے خاتمے کیلئے قومی کاوشوں میں بھرپور مدد پر فوج کی تعریف کی۔انہوں نے کہا پاک فوج ہر ممکن طور پر قوم کا دفاع اور خدمت جاری رکھے گی۔آرمی چیف نے کھیلوں اور تربیت کے دوران مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر منگلہ اور ملتان کورس کو ٹرافیاں بھی پیش کیں۔