لاہور (خبرنگارخصوصی) پاکستان میں مالدیپ کے سفیر احمد سلیم نے پاکستانی تاجروں پر زور دیا ہے کہ وہ مالدیپ کے تاجروں کے ساتھ روابط مضبوط کریں گے جس سے دونوں ممالک کو یکساں فائدہ ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد سے ملاقات میں کیا۔ سابق سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین حاجی آصف سحر، چودھری خادم حسین، حارث عتیق، عاقب آصف، فیاض حیدر، واصف یوسف، ارشد خان اور ذیشان سہیل ملک بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کم ہورہی ہے جسے بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے شعبے میں مشترکہ منصوبہ سازی کی وجہ گنجائش ہے ، ہرسال پندرہ لاکھ سیاح مالدیپ کا دورہ کرتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر نے کہا کہ پاکستان سے مالدیپ کو فارماسیوٹیکل، چاول، حلال سمیت دیگر مصنوعات کی برآمدات کی وسیع گنجائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے اس سال ایکسپورٹ ایمرجنسی ڈیکلیئر کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کم ہونا تشویشناک ہے ، تجارتی وفود کا تبادلہ اور نمائشوں کا انعقاد اس سلسلے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے ۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے کہا کہ دونوں ممالک بی ٹو بی میٹنگز کے ذریعے اچھے نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مالدیپ کو لاہور چیمبر میں کیٹلاگ شو منعقد کرنے کی دعوت بھی دی۔