لاہور(کامرس رپورٹر )ُپاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ایس ایم نوید نے چین اور پاکستان کے درمیان جدید علم اور تحقیق کے تبادلے پر زور دیتے ہوئے تجویز پیش کی ہے کہ مشترکہ اکنامک کوریڈور کے ساتھ ساتھ پاک چائینہ نالج پورٹل تشکیل دیاجانا چاہیے ۔ پاک چین چیمبر کے تھنک ٹینک کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زراعت، صنعت اور کاروبار کے شعبہ میں جس طرح چین نے پوری دنیا میں اپنی برتری منوائی ہے ، پاکستان کو اسکے تجربات سے استفادہ کیلئے خصوصی اقدامات کرنے چاہییں۔پاک چین چیمبر کے صدر نے کہا کہ وہ اپنے صدارتی عرصہ کے دوران چین کی تحقیق و ترقی اور انکی جدید صنعتی و تجارتی ٹیکنالوجی کی پاکستان منتقلی کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری اشتراک کے ساتھ ساتھ علمی اور تحقیقی وفود کے تبادلوں کوبھی ممکن بنائیں گے ۔ اس موقع پر پاک چین چیمبر کے سینئر نائب صدر داؤد احمد نے کہا کہ سروسز، مصنوعات سازی، جدت طرازی، انفرا سٹرکچر، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سوشل سٹڈیز میں چین کے تجربہ اور مہارت کو پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے ۔ ہمیں ان شعبوں میں چینی تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے ۔پاک چین چین چیمبر کے سیکرٹری جنرل صلاح الدین حنیف نے کہا کہ ماضی میں بھی پاکستان اور چین کے درمیان طلباء اور محققین کے وفود کا تبادلہ کرتے رہے ہیں۔