ملتان( سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خطے میں امن نہ صرف ہماری خواہش ہے بلکہ ترجیح بھی ہے ۔ جس کیلئے تمام طاقتوں کو ساتھ لیکر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد پاک امریکہ تعلقات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں۔ امریکہ کو ڈومور کے خول سے نکلنا ہوگا۔ پاک چین دوستی لازوال ہے ۔ تحریک انصاف کے دورحکومت میں پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہونگے ۔ این اے 157 کی یونین کونسل 55 میں جنرل الیکشن میں کامیابی پر اظہار تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب نے امدادی پیکیج کااعلان کرکے پاکستان کے برادر اسلامی ملک ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔پاک بھارت تعلقات میں بہتری صرف مذاکرات کے ذریعے ہی ہو سکتی ہے ۔ یمن سمیت تمام ممالک میں امن کی خواہش ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ حکمران نے ملکی ترقی کے بلند و بانگ دعوے کئے ۔ تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو ہمیں پتہ چلا ملک بحرانی حالت میں ہے ۔ ملکی معیشت، ملکی ادارے کمزور نظر آئے ۔ سابقہ حکمرانوں کی لوٹ مار عوام کے سامنے ہے ۔ عمران خان اور ان کی ٹیم ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہاحلقے کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے جس پر ان کا شکر گزار ہو ں۔ عوام کی توقعات پر پورا اتروں گا۔ تمام ترقیاتی وسائل اور توانائیاں حلقے کی ترقی پر خرچ کرونگا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے الیکشن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 40 کارکنوں میں حسن کارکردگی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے ۔