اسلام آباد (نیوز رپورٹر )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی سنٹرل ملٹری کمیشن کے ہیڈ کوارٹرز کادورہ کیا اور وائس چیئرمین سنٹر ل ملٹری کمیشن جنرل زینگ سے ملاقات کی۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی ، پیشہ ورارانہ دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ملاقات میں تربیت کے شعبوں میں باہمی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔دونوں ممالک کی عسکری قیادت نے انسداد دہشتگردی،ہتھیاروں،سازوسامان، ٹیکنالوجی اورتربیت کے میدان میں دوطرفہ فوجی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر جنرل زینگ نے کہا کہ سی پیک منصوبے کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کیلئے ترقی وخوشحالی لانا ہے ۔ چین پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔چین پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے ۔دونوں افواج مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون بڑھا رہی ہیں۔پاک چین افواج کے مابین تعلقات دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوطی کیلئے اہم ستون ہیں۔مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاک چین افواج کو تعاون مزید بڑھانا ہو گا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کی حمایت اور تعاون پر وائس چیئرمین ملٹری کمیشن کاشکریہ ادا کیا۔چین میں پاکستان کے سفیر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔