بیجنگ، اسلام آباد (اے پی پی، وقائع نگار خصوصی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے چینی ہم منصب وانگ ژی کے مابین بیجنگ میں پہلے پاک چین وزرائے خارجہ سٹرٹیجک سطح کے مذاکرات ہوئے ، دونوں وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا اور افغانستان میں قیام امن کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے ، ہم کٹھن حالات میں پاکستان کا ساتھ دینے پر چین کے عوام اور حکومت کے شکر گزار ہیں۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں قیام امن اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششیں اور موقف قابل ستائش ہے ۔دریںاثنائوزیر خارجہ نے چین کے نائب صدر وانگ کیشان سے ملاقات کی ۔ انہوںنے کہا پاکستان چین کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعلقات کا خواہاں ہے ، غربت میں کمی اور کرپشن کی روک تھام کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ کرینگے ۔ مزید برآںکیمونسٹ پارٹی آف چائنا اور تحریک انصاف کے مابین پارٹیوں کی سطح پر دوطرفہ وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔ یہ اتفاق رائے شاہ محمود قریشی کی کیمونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی ڈیپارٹمنٹ کے وزیر سے ملاقات کے دوران پایا گیا۔ دونوںجماعتوںکے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے ۔