راولپنڈی (این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں سپرمیسی چاہتا ہے ، ہم نے ایٹم بم دیکھنے کیلئے نہیں رکھا ،ضرورت پڑی تو استعمال کریں گے ،پاکستان کو اندر سے خطرہ ،مسئلہ کشمیر سے مولانا کا کوئی واسطہ نہیں ،عوام کو مسلح افراد کے رحم و کرم پر چھوڑا نہیں جا سکتا ،مولانا فضل الرحمن کو فیس سیونگ دینے کے حق میں ہوں، موجودہ صورتحال میں چودھری نثار سے کوئی رابطہ نہیں البتہ شہباز شریف سے رابطے میں ہیں ۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشیدنے کہاکہ ریلوے میں نوکریوں کیلئے قرعہ اندازی پر حکم امتناعی لے لیا گیا ،دو تین لاکھ کے ہجوم کو نوکریوں کیلئے کہاں اکٹھا کرینگے ،ایک بندے سے بھی کسی نے نوکری کیلئے پیسہ لیا ہو تو میں قصور وار ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا اور فضل الرحمن کا مسئلہ مختلف ہے ، اسوقت پاکستان کی سرحدوں پر خطرات کا سامنا ہے ، سرحدوں پر تقریبا ًغیر علانیہ جنگ شروع ہو چکی ہے ،ایسے حالات میں لوگوں کو مسلح لوگوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ مولانا کو میڈیا نے دس کی جگہ سو ایم جی کی ہوا بھر دی جو پھٹنے جا رہا ہے ۔ اس بات کا حامی ہوں کہ مولانا کو فیس سونگ دینی پڑے تو دے دینی چاہیے ،ساری زندگی یہی سنا کہ ا پوزیشن وزیر اعظم کا استعفیٰ ہی مانگتی رہی۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی کی ذمہ داری سابق حکومت پر ہے ۔ ریلوے میں تمام ملازمین کے گریڈ کو اپ گریڈکیا جائیگا۔