لاہور(کلچرل رپورٹر) پلاک، محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے زیر اہتمام بابا گرو نانک جی کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر چوتھی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور دیگر ممالک سے آنے والے سکھ مندوبین نے شرکت کی۔ کانفرنس کے آغاز میں ڈپٹی ڈائریکٹر پلاک عاصم چودھری نے ادارے کا تعارف پیش کیا اور آنے والے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ سکھ مندوبین نے حکومت پاکستان کی طرف سے بابا گرو نانک جی کے 550 ویں جنم دن کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔ سردار جسبیر سنگھ بوپا رائے نے کہا کہ ہمارے پاس وہ الفاظ نہیں جن سے پاکستان کی طرف سے ملنے والی محبت کا اظہار کر سکیں۔ سردار بلوندر سنگھ نے کہا کہ کرتار پور راہداری کھولنے پر ہم وزیراعظم عمران خان کے بے حد مشکور ہیں، انہوں نے تمام سکھ برادری کے دل جیت لئے ہیں۔ سردار راجندر سنگھ نے کہا کہ ہمیں لاہور آ کر پتہ چلا ہے کہ لاہور واقعی لاہور ہے ۔ ہم جہاں بھی جاتے ہیں لوگ ہمارے ساتھ سیلفیاں لیتے ہیں، جو چیز خریدتے ہیں اس کے پیسے نہیں لیتے ۔ دیگر مقررین نے بابا گرونانک جی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی حیات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور ان کے امن، برداشت اور رواداری کے پیغام کو سب کے لئے یکساں مؤثر قرار دیا۔