لاہور(کامرس رپورٹر،خصوصی نمائندہ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وطن عزیزکوایک مخلص اور ایماندار قیادت میسر ہونے کی وجہ سے پاکستان کے بارے میں بننے والا غلط تاثر زائل ہو رہا ہے ،پاکستان ایک بڑی ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجودہیں اور یہ بہترسکیورٹی صورتحال کے باعث سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ مقام بن چکا ہے ،گزشتہ روز الحمراء ہال میں ایڈ ایشیاء کانفرنس لاہور 2019ء سے خطاب کر تے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ آج کے دور میں مختلف قسم کے ذرائع ابلاغ کام کر رہے ہیں،میڈیا پر دی جانیوالی معلومات بعض اوقات درست نہیں ہوتی،آج کل زیادہ تر اخبارات خبروں کے بجائے آراء پر مبنی ہے ،اشتہارات میں درست معلومات اورسچائی ہونی چاہئے ،انہوں نے کہا کہ80- 1970ء کی ایڈورٹائزنگ کااب کی ایڈورٹائزنگ سے تقابلی جائزہ لیں تو بہت فرق ہے ، میڈیا ایک طرح سے معاشرے کا آئینہ بھی ہوتا ہے ،آج کے دور میں ایڈورٹائزنگ رابطوں کا مجموعہ ہے ،اب دنیا ممکنات کو دیکھتی ہے جو حقیقت کے قریب تر ہوتی ہیں اور یہ ایڈورٹائزنگ سے ہی ممکن ہے ۔انہوں نے کہاکہ اخبارات بھی اس وقت اپنی پروڈکٹ بیچ رہے ہیں اوریہ بھی فرق کرنا مشکل ہو گیا ہے کہ نیوز اورایڈورٹائزنگ میں کیا فرق ہے ،صدر مملکت نے غیر ملکی وفود کی پاکستان آمد کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ امید ہے کہ وہ لاہور کی ثقافت سے لطف اندوز ہوں گے ،برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ،ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے حالیہ لاہور کے دورہ پر اپنے تاثرات میں اسے خوبصورت اور تاریخی شہر قرار دیا۔قبل ازیں صدر مملکت عارف علوی کی صدرات میں نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا جس میں مختلف نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر سول صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ سول سرونٹس کی تربیت میں ادارہ اہم کردار ادا کررہا ہے ۔ادارے کو جدید تربیتی رجحانات کے لیے غیر ملکی اداروں سے بھی رابطہ کرنا چاہیے ۔