مکرمی ! امریکی ویب سائٹ بزنس انسائیڈر کے مطابق پاکستان آرمی کو دنیا کی 13 ویں مضبوط ترین فوج قرار دیا گیا ہے۔بزنس انسائیڈر نے دنیا کی 25 طاقت ور افواج کا جائزہ لیا ہے ، ہتھیاروں افرادی قوت اور عسکری مہارت کے حساب سے ان کی درجہ بندی کی گئی ہے۔تمام ممالک کی عسکری طاقت ، اسلحے کی مقدار ، وسائل اور جغرافیائی حالات کے پیش نظر ان کے استعمال کو بنیاد بنایا ہے۔اس کے علاوہ تمام افواج کی انفرادی اور اجتماعی قوت کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ ویب سائٹ ترجمان کا کہنا ہے کہ درجہ بندی میں ان ممالک کو رینکنگ محض ان کے ہتھیاروں کی تعداد کی بنیاد پر نہیں دی گئی کہ جس ملک کے پاس ہتھیاروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے اس کو درجہ بندی میں بہتر قرار دیا جائے بلکہ درجہ بندی میں ان ہتھیاروں کے استعمال اور تکنیک کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں دنیا کے کئی ممالک کے درمیان تناؤ کی کیفیت بڑھ رہی ہے اور وہ روائتی ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ نیوکلیائی ہتھیاروں کو بھی استعمال کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ پاکستانی فوج کو زمین ، فضا اور پانی میں بہتری عسکری صلاحیتوں کے مظاہرے کے بعد یہ درجہ بندی دی گئی ہے۔ امن کے استحکام کے لئے دنیا کا ہر ملک امن کے دشمنوں کے مکروہ عزائم ناکام بنانے کے لئے سیکیورٹی ایجنسیاں ،عدل وانصاف کے ادارے،این جی اوز اور فوج کے ادارے قائم کرتا ہے۔فوج کسی بھی ریاست کی آخری امید ہوتی ہے۔تاریخ پر نظر ڈالیں تو امن کے قیام کے لئے پاکستان آرمی نے جس قدر عظیم قربانیاں دے کر تاریخ رقم کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔دنیا کی کوئی فوج یہ نہیں چاہتی کہ وہ سرحدوں کے اندر خود کو ایک ایسی جنگ میں شریک کر لے جس کے اثرات بہت خطرناک ہو ں اور اسے اپنے ہی بھٹکے ہوئے لوگوں سے لڑنا پڑے اور ان شرپسندوں کو معاشرے کے کچھ منفی سوچ رکھنے والوں کی حمائت بھی حاصل ہو،مگر پاکستانی فوج نے جس دانش مندی،بہادری اور پروفیشنلزم سے اس چیلنج کو قبول کیا وہ قابل رشک ہے اور دنیا کے دوسرے ممالک کی افواج کے لئے ایک بہت بڑی مثال ہے۔ (محمد شاہد محمود،آزاد کشمیر)