پشاور،راولپنڈی(نیٹ نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) افغان سفیر شکر اﷲ عاطف مشعل نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان ایسے قیدیوں کے تبادلے پر رضامند ہوگئے جنہوں نے اپنی سزا کی مدت مکمل کرلی یا ضمانت ملنے کے باوجود کسی وجہ سے اب تک رہا نہیں ہوسکے ،میڈیا رپورٹ کے مطابق افغان مہاجرین سے خطاب کرتے ہوئے افغان سفیر کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ کابل کے دوران قیدیوں کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور دونوں ممالک نے قیدیوں کے تبادلے پر رضامندی کا اظہار کیا،عاطف مشعل کا کہنا تھا کہ افغان سفارتخانے کی ٹیم پاکستان کی متعدد جیلوں کا دورہ کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں بہت سے قیدی انتہائی معمولی نوعیت کے جرائم میں قید ہیں جنہیں رہا ہونا چاہیے ۔دریں اثنا عاطف مشعل نے پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، انہوں نے کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاک ، افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب اور سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔