اسلام آباد (این این آئی) پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا بیان پاکستانی مؤقف کی تائید ہے ۔ایک انٹرویومیں ملیحہ لودھی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات پر بین الاقوامی برادری کو بھی تشویش ہے ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے عالمی ادارے کے چارٹر کے تحت مسئلہ کشمیر کا حل نکالنے پر زور دیا ہے ، او آئی سی رکن ممالک کو بھی مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کررہے ہیں، سفارتی محاذ پر کامیابیاں مل رہی ہیں اور کئی ممالک نے پاکستان کے مؤقف کی تائید کی ہے جبکہ برطانوی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان امن ، بھارت بدامنی اور کشیدگی کو فروغ دے رہا ہے ، اقوام عالم کشمیر میں انسانیت سوز مظالم پر اب خاموش نہیں رہ سکتے ، سیکرٹری جنرل نے نفی کی کہ مسئلہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ ہے ، بھارت نے خطے میں خطرناک صورت حال پیدا کر دی ہے ،انسانی حقوق پر لیکچر دینے والوں کوکشمیری عوام کی بھی پرواہ ہونی چاہیے ۔