اسلام آباد،پشاور (وقائع نگا رخصوصی،92 نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت میں سکھوں، عیسائیوں اور مسلمانوں کی زند گیاں اجیرن کر دی گئی ہیں۔ آر ایس ایس کے نفرت انگیز فلسفے نے گاندھی کو بھی قتل کیا۔مقبوضہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے ، پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن مسئلہ کشمیر پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان کی مسلح افواج نے 27فروری کو 2 طیارے گرا کر بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔اسلام آباد میں ’’شدت پسند بھارت اور ذمہ دار پاکستان‘‘ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان جمہوری تحریک اور جمہوری اقدار کی بنیاد پر اور امن کے فروغ کے نظریئے کے تحت وجود میں آیا، بھارت اقوام متحدہ کے منشور کی دھجیاں اڑاتا ہے ۔بھارت سری لنکا، نیپال اور دوسرے چھوٹے ہمسایہ ملکوں کے اندرونی معاملات میں بھی مداخلت کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں قلیتوں کے حقوق کا علمبردار ہے جبکہ بھارت میں اقلیتیں دبائو کا شکار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات میں 51 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی اور اس وقت بھی 26 لاکھ افغان مہاجرین پاکستان میں ہیں۔ دریں اثناصدرمملکت نے مصر کے کمانڈر انچیف اور وزیر دفاع جنرل محمد احمد ذکی سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ، دونوں ممالک کے مابین دفاع کے شعبے میں مضبوط تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے ۔ صدر سے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے بھی ملاقات کی، صدر نے انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناصدرعارف علوی گزشتہ روز پشاور کے دورے پرگورنرہاؤس پہنچے جہاں گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے صدر علوی کا استقبال کیا،صدرعلوی سے گورنرشاہ فرمان نے ون آن ون ملاقات کی اور امن وامان سمیت صوبے کی مجموعی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔بعدازاں صدرعارف علوی کو محکمہ جنگلات خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبے میں بلین ٹری سونامی اور 10 بلین ٹری سونامی منصوبوں پربریفنگ دی، صدرمملکت نے کہاکہ منصوبے کے تحت زیادہ سے زیادہ نئے پودے لگائے جائیں اور ان کی دیکھ بھال کیلئے موثراقدامات کئے جائیں۔