لاہور( سپورٹس رپورٹر)فاسٹ بولر حارث رئوف نے کہا ہے کہ ہوم سیریز میں ڈیبیو کرنا میری خوشی قسمتی ہے ، بنگلہ دیش ٹیم میں کوئی ایسا بلے باز نہیں جس سے خطرہ ہواس لیے کسی ایک بیٹسمین کا ٹارگٹ نہیں کیا، سب کو جلد پویلین بھجوانے کی کوشش کروں گا ،پاکستانی ٹیم اس سیریز میں فیورٹ ہے ۔ تربیتی کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رئوف نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں بہترین بالر کا اعزاز حاصل کرنا چاہتا ہوں اور اس کیلئے پر عزم ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بگ بیش کیلئے کھیلنا الگ الگ چیزیں ہیں۔ میری کوشش ہے کہ اچھی کرکٹ کھیلوں اور ٹیم کا حصہ رہوں ۔انہوں نے کہا کہ ٹیپ بال کا پروفیشنل کھلاڑی رہا، اب ہارڈ بال پروفیشنل کرکٹ شروع کرنے لگا ہوں، یہ کتنا بڑا اعزاز ہے اب اس کا احساس ہو رہا ہے ۔حارث رئوف نے کہا کہ ہوم سیریز میں ڈیبیو کرنا میری خوش قسمتی ہے اور میں اس کے لئے بڑا پرجوش ہوں، میری کوشش ہو گی کہ اس سیریز میں بہترین بالر کا اعزاز حاصل کروں ۔انہوں نے کہا کہ ہر لڑکے کا خواب ہوتا ہے کہ قومی ٹیم کا یونیفارم زیب تن کرے لیکن مجھے اتنی جلدی تعبیر مل جائے گی میں نے اس کا سوچا بھی نہیں تھا ۔