لاہور (خبرنگارخصوصی)تھائی لینڈ کے قونصل جنرل تھیٹری چائواچھٹا نے کہا ہے کہ پاکستان تھائی لینڈ کے اہم تجارتی پارٹنرز میں سے ایک ملک ہے اور دونوں ممالک تجارتی و معاشی تعلقات کے مزید استحکام کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ ،سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمدنے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبراان شیخ محمد ابراہیم، حارث عتیق ، ذیشان سہیل ملک اور حاجی آصف سحر بھی اجلاس میں موجود تھے ۔تھائی کونسل جنرل نے کہا کہ 2019میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کا حجم بڑھ کر 1.46ارب ڈالر ہو گیا جبکہ پاکستان کی تھائی لینڈ کو برآمدات میں 41.45فیصد تک اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ پاکستان کو 1174.25ملین ڈالر کی برآمدات کر رہا ہے جن میں آٹو موبائل ، خام تیل ، کیمیکلز، ربڑمصنوعات، مشینری اور پولیمر شامل ہیں۔ جبکہ پاکستان تھائی لینڈ کو سی فوڈ، گارمنٹس اور ٹیکسٹائل مصنوعات برآمدکرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ کی عالمی سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان 34ویں جبکہ جنوبی ایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ چار بڑی تھائی کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں سرمایہ کاری کر چکی ہیں ،جبکہ چار مزید کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے پرتول رہی ہیں۔