کراچی(نیٹ نیوز) پی آئی اے کے طیارے میں رقص کرنے والی غیر ملکی خاتون ایواز وبک کی نئی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگرکرتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ پاکستان ایسا دلکش ملک ہے جہاں سارے نظارے دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔ ایوا زوبک پولینڈ اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والی سیاح ہیں جو دنیا گھومنے پھرنے اور سیاحت کی شوقین ہیں۔3 ماہ قبل انہوں نے پاکستان کا رخ کیا تو یہاں کے بارے میں ان کی عمومی رائے بدل گئی اور یہ ملک انہیں اتنا پسند آیا کہ ان کا مختصر سا قیام طویل ہوگیا ہے ۔ایوا نے 14 اگست کو پاکستان کے 72 ویں یوم آزادی کے موقع پر ایک ویڈیو جاری کی۔ اس ویڈیو کو ایک غیر ملکی خاتون سیاح کی نظر میں پاکستان کا تعارف بھی کہا جاسکتا ہے ۔ ایوا کہتی ہیں کہ پاکستانی جگاڑ میں بہت ماہر ہوتے ہیں اور محدود وسائل میں کسی بھی مسئلے کا حل نکالنا جانتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چٹیل صحرا، بلند و بالا پہاڑ، گنگناتے دریا، سنگلاخ چٹانیں، خوبصورت ساحل، دلکش وادیاں، ہرے بھرے جنگلات، ٹھنڈے ٹھار آبشار سب کچھ ہے ۔وہ کہتی ہیں کہ خوبصورت نظارے دنیا بھر میں آپ کو دیکھنے کو ملیں گے لیکن پاکستان کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں ایک ہی دلکش ملک میں آپ کو ساری جگہیں اور نظارے دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔ ایوا نے اس سے قبل پاکستان کے مختلف مقامات کی ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئرز کی ہیں۔ جن میں گلگت بلتستان کے ایک لکڑی کے کارخانے کا تعارف بھی ہے جہاں صرف خواتین کام کرتی ہیں۔کبھی وہ کراچی میں برنس روڈ کی گلیوں میں سیخ کباب کھاتی نظر آتی ہیں تو کبھی پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیر کررہی ہیں۔ انہوں نے سوات، اسلام آباد اور لاہور کی بھی سیر کی۔ ایوا کہتی ہیں کہ پاکستان قوم مہمان نواز اور کھلے دل کی مالک ہے ۔ کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں پاکستان میں میرا سب سے زیادہ گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔ پاکستانی خود بھی مسکراتے ہیں اور میرے لبوں پر بھی مسکراہٹ بکھیر دیتے ہیں۔