لاہور (کامرس رپورٹر)وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اکنامک افیئر اینڈ پلاننگ ڈاکٹر سلیمان شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کی فیکٹری بننے کی بھرپورصلاحیت رکھتا ہے اورتجارتی سرگرمیوں کا اہم مرکز ہونے کی حیثیت سے اس سلسلے میں صوبہ بنجاب کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس میں تاجر برادری کو پنجاب کے ترقیاتی پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔ ڈاکٹر سلیمان شاہ نے کہا کہ پنجاب وسیع وسائل سے مالا مال ،پنجاب حکومت کی تمام تر توجہ اداروں کی کارکردگی ، گورنینس اور ٹیکنالوجی کے استعمال میں بہتری لانے پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک اکنامک پاور بننے کیلئے ہمیں روایتی مینوفیکچرنگ سے باہر نکلنا ہو گا ، ہم دنیا بھر میں مینوفیکچر ہونے والی بے تحاشا مصنوعات کی پیداوار پر توجہ دینی ہوگی۔