اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سالمیت، دفاع کی بھر پور صلا حیت رکھتا ہے ،مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ، بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر دی ، اس کا مکروہ چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے ۔ تشدد کے خلاف عالمی دن کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ 4دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کر رکھی ہے ،بھارتی مظالم میں اب مزید تیزی آ گئی ہے ۔بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں ، نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے ،5اگست کے بعد سے صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے ،کورونا کی صورتحال اور لاک ڈاؤن کے باوجود کشمیریوں کو قتل کیا جا رہا ہے ،عالمی برادی نوٹس لے ،بھارت ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے ،پاکستان نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واپس کر کے فوجی تصادم کو روکا،آر ایس ایس کی ہندتوا سوچ خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے ، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔