کراچی ( کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل چوتھے ہفتے بھی تیزی کا رجحان غالب رہا اور گذشتہ ایک ہفتہ میں کے ایس ای 100 انڈیکس مزید1200پوائنٹس بڑھ گیا جسکی وجہ سے انڈیکس 43ہزارپوائنٹس کی نفسیاتی حد کو عبور کرتا ہوا 43700پوائنٹس کی بلند سطح پر بند ہوا ،کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 253 ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 80کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ 57.46فیصڈ حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں اس طرح گذشتہ4ہفتوں کے دوران کے ایس ای100انڈیکس3500پوائنٹس بڑھ چکا ہے جبکہ مجموعی سرمائے کے حجم میں 6کھرب 20ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے ۔گذشتہ ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان رہا ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک میں ایک ہفتے کے دوران روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر25پیسے گھٹ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 160.38روپے سے کم ہو کر160.13روپے اور قیمت فروخت160.44روپے سے کم ہو کر160.19روپے پر آ گئی۔عالمی مارکیٹ میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران فی او نس سونا57ڈالر مہنگا ہو گیا ،128روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت 1لاکھ12ہزار450روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 128روپے کے اضافے سے 96ہزار408روپے کی بلند سطح پر جا پہنچی ۔