ہریانہ (نیوزایجنسیاں ) بھارت کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ایک بار پھر تاریخی حقائق کو نظر انداز اور مودی سرکار کے جارحانہ عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات مقبوضہ کشمیر پر نہیں بلکہ صرف آزاد کشمیر پر ہوسکتے ہیں۔ روایتی ہٹ دھرمی پر قائم بھارتی وزیردفاع راجناتھ سنگھ ایٹمی حملے میں پہل کرنے کا عندیہ دینے کے بعد اپنی زہر فشانی سے باز نہیں آئے اور تازہ بیان میں مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے تاریخی حقائق کو مسخ کرتے ہوئے بڑ ھک ماری کہ پاکستان سے مذاکرات صرف آزاد کشمیر پر ہوسکتے ہیں۔پاکستان کی درخواست پر مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس پر بوکھلاہٹ کے شکار بھارتی وزیر دفاع نے کہا پڑوسی ملک نے عالمی دروازے پر دستک دی ہے لیکن ہم مصروف عالمی قوتوں کو ایسے معاملے میں الجھانا نہیں چاہتے جسے ہم خود حل کر سکتے ہیں۔ راجناتھ سنگھ نے ہریانہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آرٹیکل 370 کا خاتمہ کشمیر کی تعمیر اور ترقی کے لیے کیا گیا ہے جس سے وہاں کے شہریوں کے معیار زندگی میں مزید بہتری آئے گی۔