مدینہ منورہ ( عظیم احمد یزدانی سے ) مسجد نبویؐ کے ڈائریکٹر برائے میوزیم اور نمائش جات فضیلۃ الشیخ رجاء بن عایش الجہنی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ مثالی اور برادرانہ انداز میں مضبوط رہے ہیں اور انشاء اللہ تعالیٰ آئندہ بھی رہیں گے ،انکا آپس میں تعلق سر میں آنکھوں کی طرح ہے ،حرمین الشریفین کے حوالے سے پاکستان کے مسلمانوں کے جذبات قابل رشک و ستائش ہیں،حجاج کرام اللہ تعالیٰ کے مہمان ہیں انکی مہمان نوازی سعودی حکومت کی اولین ترجیح، ذ مہ داری ہے ۔سعودی عرب تمام مظلوم مسلمانوں کی امداد و نصرت کے لئے ہمیشہ صدق دل سے دعاء گو ہے ،مسجد النبوی الشریف کے تاریخی سازوسامان کی نمائش کا مقصد دُنیا بھر سے آئے ہوئے مسلمانوں کو انکی قدیم ترین تاریخ متعلق آگاہی دینا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے روز نامہ 92 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقعہ پر ادارہ جمعیت معالم مدینہ منورہ کے ترجمان فضل ولی خا ن اور نور العمار کے حاجی حبیب الرحمٰن بھی موجود تھے ۔۔انہوں نے کہا دنیا بھر کے مسلمانوں کے انکے ممالک میں جا کر ملنا مشکل ہی نہیں بلکہ نا ممکن ہے اس لئے ہم حج کے ایام میں عازمین حج اور باقی پورا سال پوری دنیا سے عمرہ کیلئے آئے ہوئے زائرین سے ملاقاتوں کا اہتمام کرتے ہیں، مسلمان جس بھی شعبہ جات سے وابستہ ہے انکو چاہیے کہ وہ قرآن و سنت کو عام کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے روز نامہ 92نیوز کی انتظامیہ کی طرف سے مدینہ منورہ مسجد النبوی میں رمضان المبارک کی سحری و افطاری کا وسیع انتظامات کرنے پر انکا شُکریہ ادا کیا۔