اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک طاقتور ملک ہے تاہم ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے ، پاکستان کی فوج دنیا کی مضبوط ترین، تجربہ کار اور منظم فوج ہے ، ملک کا ہر جوان اور سپاہی ملکی دفاع کے جذبہ سے سرشار ہے ،یوم پاکستان پریڈ نے جذبہ حب الوطنی کومزید اجاگر کیا ہے ۔ گزشتہ روز یہاں یوم پاکستان پریڈ کے منتظمین میں ایوارڈز تقسیم کرنیکی تقریب سے خطاب میں صدر نے کہا کہ یوم پاکستان پریڈ دنیا کو پیغام دیتی ہے کہ بلاشبہ پاکستانی ایک طاقتور قوم ہیں اور مادر وطن کے دفاع کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔ صدر نے کہا کہ ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں اور بہت کچھ سیکھا ہے ، صدرنے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد پاکستان پر غلط الزام لگایا گیا تاہم پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ ہم نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ جارحیت نہ کی جائے ، اگر کوئی غلط اقدام اٹھایا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیں گے ، ہم نے دنیا کو امن کا پیغام دیا۔صدر نے کہا کہ آج ملک میں ایماندار اور دیانتدار قیادت موجود ہے ۔ قبل ازیں صدرنے یوم پاکستان پریڈ کے منتظمین میں ایوارڈز تقسیم کئے ۔دریں اثناصدرمملکت نے اسلام آباد میں چائلڈ لیبر پر قومی سروے کے اجراء کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ حکومت چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی، نئی نسل کو تعلیم دیئے بغیر نیا پاکستان نہیں بن سکتا ۔ والدین بچوں کو جنسی ہراسگی سے بچائو کی تربیت دیں، میڈیا چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے آگاہی پیداکرے ۔