اسلام آباد( آن لائن )گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں جاپان کی جانب سے براہ راست سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے ۔سٹیٹ بنک آف پاکستان کے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2018-19 کے دوران جاپان نے پاکستان میں 118.4 ملین ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کی جو مالی سال 2017-18 کے مقابلے میں 85.57 فیصدزیادہ ہے ۔مالی سال 2017-18 کے دوران جاپان نے پاکستان میں 63.8 ملین ڈالر مالیت کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی۔ اعدادوشمارکے مطابق جون کے مہینہ میں پاکستان میں جاپانی کی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 12.7 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ جاپان پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے علاوہ کئی شعبوں میں معاونت فراہم کررہاہے ۔ پاکستان اورجاپان کے درمیان تعاون اوراشتراک کارکے فروغ کیلئے جاپان کا ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی جائیکا پاکستان میں کئی شعبوں میں کام کررہاہے ۔