اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے روسی وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ سرمایہ کاری مواقع سے روسی سرمایہ کار بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاکستان سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات دے رہا ہے ۔گزشتہ روز وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان سے روسی وفد نے ملاقات کی۔ روسی وفد کی قیادت نائب وزیر توانائی انا طولی تکونوف نے کی۔ ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں روسی تجربے اور مہارت سے مستفید ہوسکتا ہے ، توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں ،جن سے روسی سرمایہ کار بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاکستان سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات دے رہا ہے ۔ پاکستان میں کاروبار کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ آسان کاروبار اقدامات سے پاکستان کی درجہ بندی میں 28 درجے بہتری آئی، سستی توانائی کیلئے قابل تجدید توانائی کے حصے کو بڑھانے پر کام جاری ہے ۔ روسی نائب وزیر نے کہا کہ روسی کمپنیاں توانائی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہشمند ہیں۔ مستقبل میں پاکستان اور روس کا توانائی شعبے میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔