اسلام آباد(صباح نیوز) وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سوشل میڈیا پر حکومت کے کریک ڈاؤن کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اظہار کے معاملے میں پاکستان مغرب سے کہیں آگے ہے ۔امریکی نشریاتی ادارے کے ساتھ لائیو انٹرویو میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مغرب میں یہ تاثر ہے کہ شاید پاکستان میں صحافت یا آزادی اظہار پر قدغن ہے حالانکہ اس معاملے میں ان کے بقول پاکستان بہت سے مغربی معاشروں سے زیادہ آزاد ہے ، وزیرِ اطلاعات و نشریات نے اس تاثر کی نفی کی کہ پاکستان میں سوشل میڈیا پر تازہ کریک ڈاؤن کا مقصد ریاست کی جانب سے روایتی اور غیر روایتی میڈیا پر پاپندیاں سخت کرنے کی کوشش ہے ،انہوں نے واضح کیا کہ کارروائی صرف ان لوگوں کے خلاف ہو گی جو سوشل میڈیا پر نفرت یا انتہا پسندی پھیلا رہے ہیں، وفاقی وزیر نے وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر ایک امریکی شہری لندن کے مختلف سفارت خانوں کے چکر لگا رہا ہے اسی طرح ان کے بقول پاکستان کو بھی اپنی سکیورٹی اور سلامتی سب سے زیادہ عزیز ہے اور اس معاملے پر امریکہ اور پاکستان زیادہ مختلف نہیں۔