کراچی(این این آئی،سٹاف رپورٹر) پاکستان میں پہلی بار مصنوعی دل لگانے کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے ۔کراچی کے قومی ادارہ برائے امراض قلب نے ملکی تاریخ میں شعبہ طب میں کا اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے 62 سالہ مریضہ نفیسہ میمن کو میکنیکل دل لگایا۔ مریضہ کا دل صرف 15 فیصد کام کر رہا تھا۔ ڈاکٹروں کی ٹیم کی سربراہی معروف ہارٹ ٹرانسپلانٹیشن ڈاکٹر پرویز چودھری نے کی، ٹیم میں امریکی ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔ ہارٹ ٹرانسپلانٹ کا آپریشن کیلئے تقریباً 5 گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔ ادارے کے سربراہ ڈاکٹر ندیم نے آپریشن کی کامیابی کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر پرویز چودھری نے کہا کہ مصنوعی دل لگانے کا آپریشن کامیاب ہوا اور مریضہ کی حالت بھی خطرے سے باہر ہے ، انہوں نے بتایامصنوعی دل لگانے پر ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کے اخراجات آتے ہیں۔ علاوہ ازیں بختاور بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹ میں اس آپریشن کو ملکی طبی تاریخ کی اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا یہ بہت بڑی کامیابی ہے ،تنقید کرنیوالے مانیں یا نہ مانیں، سندھ حکومت نے صحت کیلئے کام کیا ہے اور مستقبل میں ان شاء اﷲ عوام کیلئے اور بہت کچھ کریں گے ۔