لندن(نیٹ نیوز)سوشل میڈیا میں وائرل ایک ویڈیو میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد پاکستان میں ایک گرجا گھر جلائے جانے کا دعویٰ جھوٹا نکلا۔ وائرل ویڈیو میں کچھ لوگوں کو ایک گرجا گھر کے دروازے کے اوپر لگی صلیب کو توڑتے اور اﷲ اکبر کے نعرے لگاتے دکھایا گیا،ویڈیو میں چرچ کے قریب سے دھواں بھی نظر آتا ہے ۔اس ویڈیو کے حوالے سے لندن سے ٹوئٹر صارف تھیا ڈکسن نے لکھا کہ نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملوں کے ردعمل میں اسلام پسندوں نے پاکستان میں چرچ کو جلا دیا، بی بی سی اسے کیوں نہیں دکھا رہا ۔بی بی سی نے جب اس ویڈیو کے بارے میں تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ پاکستان میں چرچ جلانے کا دعوی جھوٹاہے اور یہ ویڈیو پاکستان نہیں مصر کی ہے جہاں 2013 میں کئی گرجا گھروں کو جلایا گیا تھا۔ریورس امیج سرچ سے پتا لگا کہ یہ ویڈیو 2013 میں مصر میں بنائی گی، بیس سیکنڈ کا کلپ سات منٹ کی ویڈیو میں سے کاٹا گیا ہے ۔