کراچی(این این آئی)بھارتی ہیکرز کی جانب سے پاکستان کی اہم معلومات یا کاروباری ویب سائٹس پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے مگرپاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کے اقدامات کے باعث بھارتی ہیکرز کو ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ،آئی ٹی ماہرین کے مطابق پاکستان میں ماہانہ ایک کروڑ 20 لاکھ سائبر حملے ہوتے ہیں اور زیادہ ترغیرمحفوظ ویب سائٹس نشانہ بنتی ہیں، پاکستان میں ہر منٹ درجنوں سائبر حملے ہورہے ہوتے ہیں، یہ حملے زیادہ تر بھارت کی جانب سے کئے جاتے ہیں، ہیکر گروپ اسلام آباد، کراچی، لاہور اور پشاور کی اہم کاروباری، سرکاری اور معلوماتی ویب سائٹس پر یلغار کرتے ہیں۔ ان ویب سائٹس کو کبھی میل ویئر تو کبھی کسی ای میل میں وائرس بھیجا جاتا ہے ۔ بھارت نے سائبر وار کا آغاز کیا تو پاکستانیوں نے بھی کمر کس لی، نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن نے بھارتی منصوبوں کو خاک میں ملادیا، طریقہ یہ ہوتا ہے کہ ہیکرز کے گروپ کسی ویب سائٹ کا لنک بھیج کر پرائیوٹ کمپوٹر سیٹنگ تبدیل کرنے کی اجازت مانگتا اور پھر یہ گھنانا جرم شروع ہوجاتا ہے ۔آئی ٹی ماہرین کے مطابق صارفین کو کوئی ویب سائٹ پر ٹرمزاینڈ کنڈیشن کو فورا چیک کرکے اوکے نہیں کردینا چاہیے ، ہر وہ ویب سائٹ جس میں ایچ ٹی ٹی پی کے ساتھ ایس یا سیکیور نہیں لکھا، اسے کھولنے سے گریز کرنا چاہیے ۔