اسلام آباد ،پشاور ،لاہور، مردان، گلگت، کراچی،ملتان ، مظفرگڑھ ،ڈی جی خان ،سکھر (خبر نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر،نامہ نگار ، وقائع نگار ، سٹاف رپورٹر ،خصوصی رپورٹر،جنرل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر ، بیورو رپورٹ، 92 نیوز رپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں )پاکستان میں بھی کروناوائرس سے دو مریض جاں بحق ہو گئے ، کرونا وائرس کے مزید67 کیس سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 304 ہو گئی ۔ خیبر پختونخوا میں کرونا سے متاثرہ 2مریض جاں بحق ہوگئے ۔ مردان کا رہائشی 50سالا سعادت خان9مارچ کو سعودی عرب سے پاکستان آیا تھا اور17مارچ کو اس میں کرونا کی تصدیق ہوئی تھی۔ سعادت خان ایم ایم سی ہسپتال مردان میں زیر علاج تھا جو گزشتہ روز دم توڑ گیا ۔ایل آر ایچ میں زیر علاج کرونا سے متاثرہ ہنگو کا رہائشی عبدالفاتح بھی جاں بحق ہوگیا ۔ عبدالفاتح چند روز قبل دبئی سے آیا تھا ۔وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے دونوں ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔قبل ازیں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفرمرزانے بھی پہلی ہلاکت کی تصدیق کردی۔گزشتہ روز سندھ میں 36، گلگت بلتستان میں 10، پنجاب اوربلوچستان میں 7،7 جبکہ اسلام آباد ، خیبرپختونخوا میں 3،3 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس کی تصدیق ہوئی۔ ڈی سی مظفر گڑھ مجید شعیب نے رجب طیب اردوان ہسپتال میں زیر علاج 7 مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق کی ۔7 نئے کیس سامنے آنے کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد33 ہوگئی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ڈی جی خان میں قرنطینہ میں رکھے گئے 20 زائرین کے ٹیسٹ نتائج مثبت آئے اور انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ لاہور میں 6، ملتان میں 5 اور گجرات میں 2 مریض زیر علاج ہیں۔محکمہ صحت پنجاب نے صوبہ کے 5ایئرپورٹس پر 102 افراد تعینات کر دئیے ۔ 29 ڈاکٹرز،61 پیرا میڈیکل سٹاف اور 12 نرسنگ سٹاف کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔ علامہ اقبال ایئرپورٹ پر 27 افراد کو تعینات کیا گیا ہے ۔ وائرس سے بچائو کیلئے 23کروڑ 65لاکھ روپے جاری کئے گئے ۔ محکمہ صحت نے مزید ایک ارب روپے کے فنڈز مانگ لیے ۔سندھ میں 36نئے کیس سامنے آگئے ،صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 208 ہوگئی ۔سکھر کے قرنطینہ مرکز کے علاوہ کراچی سمیت سندھ میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 57 ہوگئی جن میں سے 56 کا تعلق کراچی اور ایک مریض حیدرآباد سے ہے ۔ سندھ حکومت نے انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ پر پندرہ روزکیلئے پابندی عائد کردی جبکہ 3اپریل تک سرکاری دفاتر بند کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ محکمہ صحت، داخلہ،خزانہ، بلدیات، خوراک ، منصوبہ بندی و ترقیات میں اطلاق نہیں ہوگا۔ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ، محکمہ جیلخانہ جات کے دفتر بھی کھلے رہیں گے ۔ صوبے میں تجارتی وکاروباری سرگرمیاں 15روز کیلئے معطل رہیں گی۔ سی ویو ،ہاکس بے ،سینڈز پٹ، پیراڈائزپوائنٹ بھی بندہوں گے ۔تفتان بارڈر سے مزید 757 زائرین کو سکھر قرنطینہ سنٹر پہنچادیا گیا۔ قرنطینہ سنٹر میں زائرین کی تعداد 1050 ہوگئی۔تفتان قرنطینہ مرکزسے مزید1600افرادآج اپنے علاقوں کوجائینگے ۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمٰن نے پریس کانفرنس کے دوران ایران سے آ ئے مزید 10 زائرین میں کرونا وائرس کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا گلگت بلتستان میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد13 ہوگئی ۔ خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور ظفر جھگڑا نے صوبے میں مزید 3 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کی۔انہوں نے بتایا صوبے میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد19 ہوگئی ۔ڈپٹی کمشنر میر پور آزاد کشمیر کا کہنا ہے میر پور آئسولیشن وارڈ میں ایک شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو ئی ہے ۔متاثرہ شخص 14 دن قبل ایران سے تفتان آیا تھا، متاثرہ شخص کو 4 دن سے میر پور آئسولیشن وارڈ میں رکھا ہواتھا۔ تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال میلسی میں کرونا کا مشتبہ مریض ہلاک ہوگیا۔کرونا وائرس سے متاثرہ ہونے کے خدشہ کے پیش نظر ہسپتال کی ایمرجنسی کو وقتی طور پرسیل کر دیا گیا۔ڈاکٹر طبی امداد دینے سے گریز کرتے رہے ۔بعد ازاں او پی ڈی بھی بندکر دی گئی۔نواحی علاقے محبوب شاہ کے رہائشی آصف کے گھر والوں کا کہنا ہے آصف تین سال سے گردوں کے عارضہ میں مبتلا تھا، سانس کا مسئلہ بچپن سے تھا ۔ شیخ زاید ہسپتال کوئٹہ کے آئسولیشن وارڈ میں زیرعلاج شخص انتقال کرگیا۔ متوفی گزشتہ روز تفتان سے کوئٹہ پہنچا تھا جہاں اسے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا تھاتاہم اس میں کروناکی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔ متوفی کی بیٹی نے الزام لگایا والد کی حالت خراب تھی لیکن ہسپتال میں کوئی ڈاکٹر اور عملہ موجود نہیں تھا جبکہ ہسپتال میں انتظامات انتہائی ناقص تھے ، پینے کا پانی بھی میسر نہیں تھا۔ کوئٹہ میں لوکل بسوں، کوچززو منی بسوں کو فوری بند کرنے کے احکامات دیدیئے گئے جبکہ مزید دو قرنطینہ مراکز تعمیر کرنے کیلئے صوبائی حکومت نے مناسب جگہ کی تلاش شروع کر دی ۔ چیئرمین سینٹ کی ہدایت پر 50 سال سے زائد عمر اوربیمار ملازمین کو 3 اپریل تک چھٹیاں دیدی گئیں۔وفاقی حکومت نے یکم جون تک تمام امتحانات ملتوی کر دیئے ۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا امتحانات لینے والے غیرملکی ادارے حکومت پاکستان کے اس فیصلے کے پابند ہیں ۔ نیشنل سکیورٹی کونسل کی میٹنگ میں تعلیمی اداروں کو پانچ اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ ہوا تھا جس کے تحت سکول ،یونیورسٹیاں ،مدارس سب بند کر دئیے گئے ہیں۔ کیمبرج نے امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے دیگر غیر ملکی اداروں سے بھی کہوں گا وہ امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کر دیں ۔ یونیورسٹیوں کے ہاسٹلز خالی کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔ غیرملکی طلبہ پر پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا۔ باچا خان ائیر پورٹ کو انٹرنیشنل پروازوں کیلئے کل سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا صوبے میں کوئی کرفیو نہیں لگائیں گے ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تمام بڑی مارکیٹس صبح 10 سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی، بیوٹی پارلر اورحجام کی دکانیں 15 دنوں کیلئے بند کی ہیں، سرکاری دفاتر می دن 12 بجے چھٹی ہوگی۔میڈیکل سٹور، کریانے اور راشن کی دکانیں 24 گھنٹے کھلی ہونگی۔ سرکاری اجلاسوں میں صرف 5 افراد شریک ہوسکیں گے ۔ریسٹورنٹ ، فاسٹ فوڈ پوائنٹس بھی بند رہیں گے ۔ادھر وزیر اعظم عمران خان نے ڈی جی خان میں قرنطینہ مرکز کادورہ کیا۔وزیر اعظم کو قرنطینہ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم کو بتایا گیا تفتان سے آئے ایک ہزار 26مشتبہ مریضوں کو بھی اسی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ۔چیئرمین این ڈی ایم اے محمد افضال، شہباز گل،وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور ڈاکٹر ظفر مرزا بھی وزیر اعظم کے ساتھ تھے ۔وزیر اعظم نے زائرین سے ان کی خیریت دریافت کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات پر عدم اطمینان کااظہار کرتے ہوئے انتظامات مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کئے ۔عمران خان نے کہا تمام سرحدی علاقوں سے آنے والے افراد کی مکمل سکریننگ کی جائے اور افسران خود کوعوام کی خدمت کیلئے وقف کردیں۔وزیراعظم کے زیرصدارت اجلاس بھی ہوا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا ہر روز مقررہ اوقات میں لوگوں کو آگاہ کیا جائے کہ صورتحال پر قابو پانے کے حوالے سے کیا انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں اور مجھے اس حوالے سے مستقل آگاہ کیا جائے ، پناہ گاہوں میں ڈیلی ویجرز کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی سکریننگ کے انتظامات بھی کئے جائیں ۔وزیراعظم نے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کو ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کی نشاندہی اور ان کو قرار واقعی سزا دینے کے حوالے سے اقدامات کی ہدایت کی۔ بیجنگ، سرینگر ، نیویارک ، ریاض (92نیوزرپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک ،اے ایف پی ، نیوزایجنسیاں )دنیا بھر میں کرونا وائر س سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد8,908ہو گئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دنیابھرمیں کرونا وائر س سے مزید941افراد ہلاک ہوگئے جبکہ18,615نئے کیس سامنے آگئے ۔متاثرہ ممالک کی تعداد170ہو گئی جہاں متاثرین کی تعداد216,833ہو گئی جن میں سے 84,383مریض صحتیاب ہو چکے جبکہ6,868کی حالت تشویشناک ہے ۔اٹلی میں 475ہلاکتیں ، 4,207نئے کیس ،ایران میں147ہلاک ،1,192نئے کیس،سپین میں105ہلاکتیں ، 2920نئے کیس،فرانس میں 89اموات 1,404 مزید متاثر،برطانیہ میں 33ہلاک ، 676نئے کیس، نیدرلینڈز میں15اموات ،346نئے متاثرین، انڈونیشیا میں 12ہلاکتیں،امریکہ میں16اموات ، 1,608نئے کیس،جرمنی میں 2 ہلاک، 2,612نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ سوئٹزرلینڈ میں 6،بلجیم4،جنوبی کوریا،فلپائن، ناروے 3،3،سویڈن، الجیریا،برازیل2،2، پرتگال، آسٹریلیا،عراق، لکسمبرگ، البانیہ، برکینا فاسو،مالدوا، بنگلہ دیش ، کینیڈامیں ایک ایک ہلاکت ہوئی۔جرمنی میں 2,960، سوئٹزرلینڈ334،آسٹریا314،بلجیم243،پرتگال194، ملائشیا117،آسٹریلیا 110،ناروے 101،اسرائیل، سویڈن96، ڈنمارک80،سعودی عرب 67،انڈونیشیا55،جنوبی افریقہ 31،بھارت میں مزید 25کیس رپورٹ ہوئے ۔پاکستانی قونصلخانے کے مطابق سپین میں کروناسے 6پاکستانی افرادبھی متاثرہوئے ۔دنیا بھر میں تعینات 49 امریکی فوجیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔مقبوضہ کشمیرمیں کرونا کے کیسز کی تعداد 8 ہوگئی۔ لداخ میں تعینات بھارتی فوجی، اہلیہ اوربچے کاکروناٹیسٹ مثبت آیا،بھارتی فوجی کے ایران سے آنے والے والد کاٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔ لداخ سکاؤٹ رجمنٹل سنٹرکوخالی کراکرقرنطینہ بنادیا گیا۔ایران میں کرونا سے متاثرہ 103سالہ خاتون صحتیاب ہو گئی۔امریکی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس تمام ریاستوں میں پھیل چکا ہے اور مجموعی کیسز کی تعداد 7,301 ہوگئی ہے ۔ امریکی حکام نے عوام کو ہدایت کی وہ اپنے آپ کو جتنا ہوسکے محدود رکھیں کیونکہ وائرس جلد ختم ہونے والا نہیں۔آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ موریسن نے تمام اجتماعات پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ تعلیمی ادارے ، مارکیٹس، تفریحی مقامات اور دیگر سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ۔برطانیہ میں سکول بند اور امتحانات ملتوی کردیے گئے ۔ برطانوی نیشنل ہیلتھ سروس کے مطابق ہسپتالوں میں معمول کے آپریشن 3 ماہ کیلئے منسوخ کردیے گئے ۔ برطانوی چیف سائینٹفک آفیسر سر پیٹرک نے برطانیہ میں55ہزار کرونا مریضوں کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے ۔ حکومتی ہیلتھ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا اگر درست حکمت عملی نہ اپنائی گئی تو اڑھائی لاکھ ہلاکتوں کا خدشہ ہے ۔ برطانوی اخبار نے دعوی کیا ہے برطانیہ کرونا وائرس کی وبا سے اگلے سال تک متاثر رہے گا۔ 80 فیصد آبادی لپیٹ میں آنے کا خدشہ ہے جس کے باعث 79 لاکھ افراد ہسپتالوں میں داخل ہوسکتے ہیں۔ترک حکومت نے 20 ممالک کے سفر پر پابندی عائد کردی۔ سینما گھروں، تھیٹروں، کنسرٹس و دیگر تفریحی مقامات پر ہرقسم کی سرگرمیوں پرپابندی عائدکی گئی ہے ۔ تیونس نے ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا۔ کئی علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا۔فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر 140 مسافروں کو جرمنی میں داخلے سے روک دیا گیا۔جرمنی میں دس ملین افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔یورپ سے جاپان آنے والے تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔کینیڈانے سیاحتی،وزٹ اور کاروباری ویزے پر سفرکرنے پر پابندی عائد کردی۔عمان، یوا ے ای اور ملائیشیا کی جانب سے بھی سیاحتی، کارروباری اور وزٹ ویزے پر پابندی لگائی گئی ہے ۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق امارات میں کاغذی ویزے پر داخلے پر بھی پابندی عائدکردی گئی۔تھائی ایئرویزاورسری لنکن ایئرلائن نے لاہورکیلئے فضائی آپریشن 29مارچ تک بندکردیا۔بلجیم میں 5 اپریل تک لاک ڈائون رہے گا۔بھارتی فوج نے کرونا وائر س کے باعث تمام وار گیمز، تربیتی مشقیں اور کانفرنسز ملتوی کر دیں۔افغان وزارت صحت کے مطابق افغانستان کے دیگرحصوں پر اور ایران کیساتھ سرحدوں پر تھرمل کیمرے لگائے جائیں گے ۔سعودی عرب نے نجی شعبے کے ملازمین کو 15 دن گھر سے کام کرنے کی ہدایت کردی جبکہ کرونا وائرس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر'جی 20'ممالک کا ہنگامی سربراہ اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے ۔ملائیشیا کو 2ہفتے جبکہ قازقستان کو ایک ماہ کیلئے لاک ڈائون کردیا گیا ۔ گرین لینڈ نے دوسرے ممالک کیلئے فضائی سروس بند کر دی ۔اسرائیل نے فلسطینیوں کے علاقے مغربی کنارا کے ساتھ سرحد بند کر دی۔کرونا وائرس کے باعث امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کی حکومت سے 60 بلین ڈا لر امداد کی درخواست کردی۔ اقوام متحدہ نے کہا اس وبا سے دنیا میں 25ملین افراد بیروزگار ہو سکتے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہاہے کرونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے کی مدد کریں۔عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کی وبا سے نبرد آزما ہونے کیلئے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کو ناقص انتظامات پر خبردار کرتے ہوئے ان ممالک کو زیادہ سے زیادہ اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے زمانہ جنگ کاقانون متحرک کرنے کااعلان کردیا۔1950ایکٹ کے تحت صنعتیں طبی سامان کی دستیابی کی پابندہوں گی۔امریکہ نے کینیڈاکیساتھ سرحد بندکرنے کابھی اعلان کر دیا۔سربیا میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ۔ ترکی نے یونان اور بلغاریہ کیساتھ سرحد بند کر دی۔متحدہ عرب امارات نے ہوائی اڈوں پر مسافروں کو آمد پر ویزوں کا اجرا عارضی معطل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ آئی ایم ایف نے کرونا کا مقابلہ کرنے کیلئے وینزویلا کی درخواست قرضہ مسترد کر دی۔قطری حکومت نے حجام کی دکانیں ، ہوٹلوں میں ورزش گاہیں اور پرچون کی دکانیں بھی بند کردیں اور انڈسٹریل ایریا میں آئندہ چودہ روز کیلئے تمام سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔ترک صدر نے معیشت کو سہار ا دینے کیلئے 15بلین ڈالر کے پیکج کا اعلان کیا ہے ۔ڈبلیو ایچ او نے وائرس کو انسانیت کا دشمن قرار دیا ہے ۔پیرو میں رات کا کرفیو نافذ کردیا گیا ۔اسرائیل نے تمام غیرملکیوں کا ملک میں داخلہ بند کر دیا ۔برطانیہ میں پاؤنڈ سٹرلنگ کی امریکی ڈالر کے مقابلے میں قدر گزشتہ 35 برسوں کے دوران نچلی ترین سطح پر پہنچ گئی۔