کراچی (این این آئی) پاک بحریہ کے جہاز راہ نورد ، گوادر اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز دشت پر مشتمل پاکستان نیوی فلوٹیلا نے بحری تعیناتی کے دوران عمان کے شہر مسقط کا دورہکیا۔عمان کی بندرگاہ مسقط آمد پر پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہازوں کا عمان کی رائل نیوی کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔بندرگاہ پر قیام کے دوران ، مشن کمانڈر نے جہازوں کے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اینڈ پلانز سے چیف آف اسٹاف سلطان آرمڈ فورسز کے ہیڈ کوارٹر میں اور کمانڈنگ آفیسر سید بن سلطان نیول بیس سے و’دام میں ملاقاتیں کی۔ دورانِ بات چیت ، مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے بالعموم عمانی عوام اور بالخصوص عمانی رائل نیوی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کی جانب سے دوطرفہ بحری تعاون کو وسعت دینے کے عزم اور خواہش کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر مشن کمانڈر نے مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بھارتی مسلح افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر روشنی ڈالی، انہوں نے بھارت کی جانب سے کشمیر کے غیرقانونی الحا ق اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق اس کی متنازعہ حیثیت کی خلاف ورزی پر بھی روشنی ڈالی ۔