اسلام آباد(قاسم نواز عباسی)پاکستان میں گزشتہ 10 سالوں میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔ وطن عزیزنے ان دس سالوں میں 2 ہزار 160 پی ایچ ڈی سکالرز پیدا کئے ہیں۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق گزشتہ دس سال میں1767 طلباء اور 393 طالبات نے اپنی ڈاکٹریٹ( پی ایچ ڈی)کی تعلیم مکمل کی۔ اسی طرح پاکستانی طلبہ میں انجینئرنگ ،ٹیکنالوجیز اور فزکس سائنسز میں ڈاکٹریٹ( پی ایچ ڈی) کا رجحان بڑھ رہاہے ۔گزشتہ 10 برس میں انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے میں 882 طلبہ نے پی ایچ ڈی مکمل کی ہے ۔اسی طرح فزکس سائنسز کے شعبے میں 442 طلبہ نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ۔ بائیولوجیکل اینڈ سائنسز کے شعبے میں 285 طالبعلموں نے پی ایچ ڈی کی ۔ایگریکلچر اینڈ ویٹرنری سائنسز کے شعبے میں 153طلبہ نے پی ایچ ڈی مکمل کی۔وزارت تعلیم کی تیار کردہ رپورٹ کے مطابق آرٹس اینڈ ہیومینٹیز اور بزنس ایجوکیشن میں پی ایچ ڈی کرنے کا رجحان کم ہوا ہے ۔ اسی طرح گزشتہ 10 سال میں بزنس ایجوکیشن میں بھی ڈاکٹریٹ کرنے کا رجحان نسبتا کم رہا۔دستاویزات کے مطابق غیر ملکی جامعات میں ڈاکٹریٹ کرنے والوں میں طالبات کی نسبت طلباء کو زیادہ مواقع ملے ، یوں بیرون ملک ڈاکٹریٹ کرنے والوں میں طلباء کی تعداد زیادہ رہی ۔غیر ملکی جامعات میں پنجاب اور وفاق سے 1 ہزار 19 طلبہ کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے کا موقع ملا۔ غیر ملکی جامعات میں پی ایچ ڈیز مکمل کرنے والوں میں خیبرپختونخوا دوسرے نمبر پررہا، 10 برس میں خیبر پختونخوا کے 495 طلبہ نے پی ایچ ڈی مکمل کی جبکہ سندھ کے 494طلبہ کو غیرملکی اداروں سے ڈاکٹریٹ مکمل کرنے کا موقع ملا۔