سنچورین (سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے کپتان بابر اعظم کی شاندار سنچری اور محمد رضوان کی نصف سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں ریکارڈ ہدف عبور کرتے ہوئے 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا گیا 204 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ سنچورین میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقہ نے بورڈ پر 203 رنز کا پہاڑ جیسا ٹوٹل سجا دیا۔ آئیڈن مارکرم 63 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ، یانیمن میلان نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد نواز نے 2 جبکہ حسن علی، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ بابر اعظم نے ٹی ٹونٹی کیرئیر کی پہلی سنچری اور رضوان نے نصف سنچری بناتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہم کنار کرایا۔ بابر اعظم نے 122 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ محمد رضوان ناقابل شکست 73 جبکہ فخر زمان 8 رنز بنا نے میں کامیاب رہے ۔ دونوں ٹیموں میں چوتھا میچ کل کھیلا جائیگا۔ دوسری طرف آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم نے نمبر ون بلے باز بن کر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی 5 سال سے قائم بادشاہت کا خاتمہ کیا، بھارتی کپتان 2017 سے ون ڈے بیٹنگ میں نمبر ون پوزیشن پر قابض تھے ۔ بابر اعظم سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف، ظہیر عباس اور جاوید میانداد کے بعد نمبر ون بننے والے چوتھے پاکستانی ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے میچ میں بابر اعظم اور رضوان نے پاکستان کی طرف سے سب سے بڑی پارٹنر شپ کا ریکارڈ قائم کردیا، بابر اعظم اور محمد رضوان 197 رنز بنا کر پارٹنر شپ قائم کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آگئے ، ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے طویل پارٹنرشپ کا ریکارڈ افغانستان کے حضرت اللہ زازئی اور عثمان غنی کے پاس ہے جنہوں نے آئرلینڈ کے خلاف 236 رنز بنائے تھے ، دوسرے نمبر پر 223 رنز بنا کر آسٹریلیا کے ایرون فنچ اور ڈارسی شاٹ ہیں، ٹی ٹونٹی میں 200 رنز کی تیسری طویل ترین پارٹنر شپ کا ریکارڈ سکاٹ لینڈ کے پاس ہے ۔ دریں اثنا وفاقی وزیر فواد چودھری نے بابر اعظم کو ون ڈے کرکٹ کا نمبر ون بیٹسمین بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھیں، بابر اعظم آپ نے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کردیا۔