لاہور ( نیٹ نیوز) وفاقی وزیر صنعت و تجارت حماد اظہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے بروقت اور مشکل فیصلوں کے ذریعے معیشت کو درست سمت میں گامزن کر دیا، بتدریج مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، پہاڑ جیسے مسائل ورثے میں ملنے اور کورونا کے باوجود حکومت نے بروقت اور درست فیصلوں سے معیشت کو سنبھالا دیا۔حماد اظہر نے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے معیشت پر کاسمیٹکس کا لیپ کیا ہوا تھا اور اس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا۔انہوں نے کہا ہمارے پاس آپشن تھا کہ کورونا وبا میں ہم رپورٹنگ نہ کریں لیکن ہم نے پیشرفت جاری رکھی اور فیٹف نے کہا ہے کہ بلیک لسٹنگ پاکستان کیلئے اب آپشن نہیں رہا۔وفاقی وزیر نے کہا پاکستان نے مشکل وقت گزار لیا اور اپوزیشن اپنے منفی پراپیگنڈے سے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتی۔