لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں برطانیہ کے وزیر داخلہ ساجد جاوید نے ملاقات کی ،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں تعلیم و صحت کے شعبوں اور قانون کی حکمرانی کے پروگرام کے تحت تعاون کومزید بڑھانے پر اتفاق کیاگیا،برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پرسردارعثمان بزدار کو مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے اورتبدیلی کا آغاز پنجاب سے کیا گیاہے جہاں ایک پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے کو وزیراعلیٰ بنایا گیا ہے ،سردار عثمان بزدار نے کہاکہ پاکستان اور برطانیہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں مضبوط شراکت دار ہیں اورڈیفڈ کے تعاون سے پنجاب میں تعلیم ،صحت اور دیگر شعبوں میں مثالی پروگرام چل رہے ہیں اورپنجاب حکومت ان پروگرامز کو وسعت دینا چاہتی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ان پروگرامز کے ثمرات مل سکیں،انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ہم مستقبل میں برطانیہ کے تعاون سے مختلف شعبوں میں مزیدبہتری لانے کے خواہاں ہیں۔برطانیہ کے وزیر داخلہ ساجد جاویدنے اس موقع پر کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ پنجاب حکومت عوام کی ترقی کے لئے محنت اور لگن کے ساتھ کام کررہی ہے ۔برطانیہ پنجاب حکومت کے ساتھ آئندہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے ،ترقیاتی اہداف کے حصول ،تعلیم اور کاروباری مواقع کے فروغ کیلئے مستقبل میں مل کر کام کریں گے ،انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں،دہشت گردی او را نتہا پسندی ہم سب کا مشترکہ چیلنج ہے ،پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی خوش آئند ہے ،انہوں نے کہاکہ میرے والدین کا تعلق پنجاب کے ضلع ساہیوال سے ہے ، اگرچہ میں برطانوی شہری ہوں تاہم میرا پاکستان سے بھی خصوصی تعلق ہے ، برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو، ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ(DFID)پاکستان کی سربراہ جوانا ریڈ (Ms۔Jonna Reid)اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کے دوران برطانیہ کے وزیر داخلہ ساجد جاوید نے گفتگو کے دوران انگریزی کے علاوہ پنجابی اور اردو زبان میں بھی گفتگو کی جس پر شرکا نے پسندیدگی کا اظہار کیا اور برطانوی وزیر داخلہ کی لطیف پیرائے میں گفتگو پر مسرت کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے کمانڈرسنٹرل پنجاب، پاکستان نیوی رئیر ایڈمرل نوید احمد رضوی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے ا مور اور پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سمندری سرحدوں کی حفاظت اور دفاع کا فریضہ بطریق احسن نبھانے پر پاکستان بحریہ کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔