اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان پوسٹ کا ’’ڈاکیا‘‘ امانت، دیانت، بہادری اور ایثار کا بے مثال نمونہ بن کر ابھرنے لگا۔ پاکستان پوسٹ کا ’’ڈاکیا‘‘ 2 روز میں 2 لاکھ 72 ہزار بزرگوں کو انکے گھروں کی دہلیز پر پنشن پہنچا آیا۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ کے دفتر سے جاری ہونیوالے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان پوسٹ کے کارکنان نے مجموعی طور پر 2روز میں 2 لاکھ 72 ہزار بزرگوں اور ریٹائرڈ ملازمین کو ان کی پنشن کی رقم ان کی دہلیز پر پہنچانے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ روزنامہ92 نیوز سے گفتگو میں پاکستان پوسٹ کے اسلام آباد میں رہائش پذیر ڈاکیوں نے بتایا کہ پنشن کی رقم کی ریٹائرڈ ملازمین کے گھروں میں ادائیگی پر انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے اور لوگوں نے ڈاکیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دعائیں دیں۔ ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل ذاکر اللہ خان نے بتایا کہ ہفتے کے روز بھی پاکستان پوسٹ کے ڈاکیے ریٹائرڈ ملازمین کو انکی پنشن کی رقم انکی دہلیز پر پہنچانے کیلئے میدان میں سرگرم عمل ہیں۔ وزیر پوسٹل سروسز مراد سعید نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ خود سیکرٹری پوسٹل سروسز اور دیگرسینئر افسران کے ہمراہ پنشن کی تقسیم کے عمل کی نگرانی کیلئے عملی طور پر موجود ہیں۔ پنشن کی تقسیم کا بیڑہ اٹھانے والے پاکستان پوست کے ایثار کیش ملازمین حقیقی ہیروز ہیں۔